مریم نواز شریف کی شاہد خاقان عباسی کی ملاقات ،رہائی پر مبارکباد دی ،

مٹھائی اور فروٹ پیش کئے میں خاموش تھی جس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں، اگر آج میں بولوں گی تو کیا میڈیا دکھائیگا بالادستی اور آئین کے ساتھ جو تعلق ہے پہلے زیادہ مضبوط ہوا ہے، ڈرا کر مجھے کوئی نہیں روک سکتا،جب میری قیادت سمجھے گی اور ہدایت کریگی میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کروں تو مجھے پیچھے نہیں پائیں گے، مریم نواز شریف ہم سب ملک کر مریم نواز کے شانہ بشانہ کام کریں گے، اصولوں پر قائم رہیں گے ، ملک میں آئین کی حکمرانی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، شاہد خاقان عباسی احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کو دیکھ کر نواز شریف کا سر فخر سے بلند ہوا ہوگا، احسن اقبال سے ملاقات کے بعد گفتگو

جمعرات 12 مارچ 2020 23:20

مریم نواز شریف کی شاہد خاقان عباسی کی ملاقات ،رہائی پر مبارکباد دی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں خاموش تھی جس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں، اگر آج میں بولوں گی تو کیا میڈیا دکھائیگا بالادستی اور آئین کے ساتھ جو تعلق ہے پہلے زیادہ مضبوط ہوا ہے، ڈرا کر مجھے کوئی نہیں روک سکتا،جب میری قیادت سمجھے گی اور ہدایت کریگی میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کروں تو مجھے پیچھے نہیں پائیں گے۔

جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور سے اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی گھر پہنچیں تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا ۔مریم اورنگزیب ،سینیٹر پرویز رشید اور کیپٹن صفدر بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مریم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں انہوںنے سابق وزیراعظم کو رہائی پر مبارکباد دی ۔

مریم نواز شریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو رہائی کی خوشی میں مٹھائی اور فروٹ بھی پیش کئے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صحت ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی وطن واپسی ، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور زیر غور آئے ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ مریم نواز کا مشکلات کے باوجود منفرد اور بڑا کردار ہوگا، انہوںنے کہاکہ ہم اصولوں پر قائم رہیں گے۔

انہوںنے کہاکہ میں مریم نواز کا مشکور ہوں کہ وہ مجھ سے ملنے میرے گھر تشریف لائی ہیں اور میری حوصلہ افزائی کی ہے ۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ مریم نواز نے سیاست میں اپنا مقام پیدا کیا، پاکستان کوجب بھی ضرورت ہوگی عوم مریم نوازکوساتھ پائیں گے، آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر مریم نوازنے کہاکہ شاہد خاقان عباسی میرے بڑے بھائی ہیں،شاہد خاقان نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی۔

مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا کردار لائق تحسین ہے، شاہد خاقان عباسی نے بہادری سے مشکلات کامقابلہ کیا، شاہدخاقان الزامات پرجیل کاٹ کرآئے ا ورنظریے پر قائم رہے۔ انہوںنے کہاکہ شاہد خاقان کو جھوٹے الزامات پر حراست میں رکھا گیا۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میرے بھائی اوربہن دن رات نوازشریف کی خدمت میں مصروف ہیں۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی ایک شریان 90 فیصد بند ہے۔

ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میں تو خاموش تھی اس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں مگر میڈیا پر پابندیاں ہیں کیا میڈیا میری آواز عوام تک سنائیگا ۔انہوںنے کہاکہ میری جمہوریت سے وابستگی کمزور نہیں مضبوط ہوئی ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میرے بغیر نواز شریف کے علاج سے انکار کی باتیں غلط ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے میاں صاحب سے زیادہ پاکستان کے عوام کی فکر ہے، میرا بھی دل چاہتا ہے کہ میں بھی اپنے والد کے پاس ہوں۔

انہوںنے کہاکہ نوازشریف کا علاج چل رہا ہے ان کی طبیعت بہت خراب ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈرا کر مجھے کوئی نہیں روک سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ شاہد خاقان عباسی آج ن لیگ کے ورکر دل میں جگہ ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ میں ن لیگ کے ڈسپلن میں ہوں، سول سپریمیسی کے ساتھ میری کمٹمت زیا دہ ہوئی ہے۔ ایک سوال پر مریم نواز نے کہاکہ لندن جانے کی اجازت مل گئی تو ٹھیک ہے، اجازت نہ ملی تو نواز شریف سے کہوں گی کہ جلداز جلد علاج کروائیں۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کی رہائش پر ان سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کو دیکھ کر نواز شریف کا سر فخر سے بلند ہوا ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دو نعرے ہیں ایک ووٹ کو عزت دو اور دوسرا وزیراعظم نواز شریف۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنما پابند سلاسل رہے، تمام رہنما مبارک باد کے مستحق ہیں جو اپنے نظریے اور پارٹی کے منشور سے قائم رہے۔پارٹی کی نائب صدر نے جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتار پر انہوں نے کہا کہ میڈیا پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، مریم نواز نے کہا کہ خبر تو رک جائے لیکن سچ نہیں رکے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جتنی مرضی چاہیں معاملات کرلیں، نواز شریف کی حکومت ہی واپس آئے گی۔

مسلم لیگ (ن) ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم رہیں گی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نعرے پر قائم ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت جتنے جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالے لیکن ہم اپنے نظریے سے پیھچے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائد اعظم کے سیاسی نظریات کی وارث ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت کو ختم کیا گیا جو اندھیروں کی جگہ روشنی لائی، آج دوبارہ پاکستان میں اندھیرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ختم کی گئی جس نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پہچان دی ، آج سی پیک کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔