پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت 230ویں کور کمانڈرز کانفرنس

کرونا وائرس جیسی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے قومی کوششوں میں تعاون کے لئے تیاریاں تیز کی جائیں، آرمی چیف کی پاک فوج کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت

جمعرات 12 مارچ 2020 23:46

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے تمام متعلقہ( افسران اور اداروں) کو ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس جیسی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے قومی کوششوں میں تعاون کے لئے تیاریاں تیز کی جائیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت 230ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

فورم نے آپریشنل تیاری، ایل او سی کے ساتھ صورتحال، جیو سٹرٹیجک صورتحال اور قومی و علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغانستان امن عمل کا جائزہ لیا۔ علاقائی استحکام اور امن کی راہ افغانستان سے ہے، پاکستان انتہائی خلوص کے ساتھ باہمی تعاون اور تمام چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ فورم میں کرونا وائرس COVID-19 کے حوالہ سے ابھرتی صورتحال اورپاک فوج کی سطح پر کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔