شاہد خاقان عباسی نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی‘ مریم نواز

جمعرات 12 مارچ 2020 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی‘ شاہد خاقان عباسی کا کردار لائق تحسین ہے۔ جمعرات کو وہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے لئے لاہور سے اسلام آباد میں پہنچیں تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔

مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید اور کیپٹن صفدر بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔ ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ مریم نواز کا مشکلات کے باوجود منفرد اور بڑا کردار ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اصولوں پر قائم رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ میں مریم نواز کا مشکور ہوں کہ وہ مجھ سے ملنے میرے گھر تشریف لائی ہیں اور میری حوصلہ افزائی کی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی میرے بڑے بھائی ہیں، شاہد خاقان نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی۔ مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا میرے بھائی اور بہن دن رات نواز شریف کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی ایک شریان 90 فیصد بند ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ خاموش تھی جس کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میری جمہوریت سے وابستگی کمزور نہیں مضبوط ہوئی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ میرے بغیر نواز شریف کے علاج سے انکار کی باتیں غلط ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ لندن جانے کی اجازت مل گئی تو ٹھیک ہے، اجازت نہ ملی تو نواز شریف سے کہوں گی کہ جلداز جلد علاج کروائیں۔