ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت اجلاس

کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر رابطہ کمیٹی کایوم تاسیس کے 18مارچ کے جلسہ کو اب 28مارچ2020کو کرنے کا فیصلہ

جمعرات 12 مارچ 2020 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سینئر ڈپٹی کنوینر عامرخان،ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل و اراکین رابطہ کمیٹی موجود تھے۔رابطہ کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے 36ویں یوم تاسیس کے حوالے سے فیصلوں میں یہ طے کیا گیا کہ موجودہ حالات میں کروناوائرس کے خطرات وخدشات کی وجہ سے عوامی اجتماعات سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم ایک اہم اورذمہ دارانہ سیاسی جماعت ہے لہذا رابطہ کمیٹی نے یوم تاسیس کی 18مارچ کے جلسہ کو اب 28مارچ2020کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم اگر کرونا وائرس کے پھیلاکے تدارک کے حوالے سے کوئی قابل ذکر پیش رفت نہ ہوسکی تونئی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فوری ٹھوس اقدام کا مطالبہ کیاکہ کراچی ائرپورٹ پر غیر ملکی پرواز سے آنے والے مسافروں کی اسکرینگ کے انتظام اور سرکاری ہسپتال میں کرونا وائرس کے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ موثر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بحریہ ٹان کراچی سے 460ارب روپے کو کراچی کی عوام اورکراچی شہر کی تعمیر وترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے،کیونکہ اس رقم پر قانونی اور اخلاقی حق شہر کراچی کا ہی ہے۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے رکن خالد سلطان کے صاحبزادے اسجد اللہ کی صحت یابی اور رابطہ کمیٹی کے رکن ارشاد ظفیر کے بھائی سید محمد پرویز اورعادل خان کے بہنوئی محمد اسلم خان کی مغفرت کی دعا کی گئی۔