وزیراعظم کا مریم نواز کی واپسی پر ردِعمل

عمران خان کو مریم نواز کی اسلام آباد آمد کی اطلاع دی گئی تو انہوں نے کہا کہ آپ اپنی وزارت پر توجہ دیں،گورننس ٹھیک ہو گی تو فرق نہیں پڑتا جو بھی آئے یا جائے۔ صابر شاکر کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 13 مارچ 2020 11:46

وزیراعظم کا مریم نواز کی واپسی پر ردِعمل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مارچ 2020ء) گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے طویل عرصے بعد خاموشی توڑی،مریم نواز لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوئیں جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ،بعدازاں میڈیا سے بھی گفتگو کی۔مریم نواز کی طویل عرسہ بعد خاموشی توڑنے پر سیاسی میدان میں بھی ہلچل مچی ہے۔اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ جب وزیراعظم عمران خان کو اطلاع دی گئی کہ مریم نواز اسلام آباد تشریف لا رہی ہیں۔

تو انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنی حکومت ٹھیک کر لیں،گورننس ٹھیک کر لیں،اپنی وزارتوں پر توجہ دیں،تو اس بات سے فرق نہیں پڑتا، جو بھی آئے جو بھی جائے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ آپ ان پرتوجہ نہ دیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی‘ شاہد خاقان عباسی کا کردار لائق تحسین ہے۔

جمعرات کو وہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے لئے لاہور سے اسلام آباد میں پہنچیں تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔ مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید اور کیپٹن صفدر بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔ ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ مریم نواز کا مشکلات کے باوجود منفرد اور بڑا کردار ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم اصولوں پر قائم رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ میں مریم نواز کا مشکور ہوں کہ وہ مجھ سے ملنے میرے گھر تشریف لائی ہیں اور میری حوصلہ افزائی کی ہے۔اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی میرے بڑے بھائی ہیں، شاہد خاقان نے کسی قصور کے بغیر بہادری سے جیل کاٹی۔ مریم نواز نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا کردار لائق تحسین ہے۔