رعایتی زرعی مشینری کے حصول کے لیے 20مارچ تک درخواستیں طلب

ہفتہ 14 مارچ 2020 19:09

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2020ء) محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی پیداوار کے فروغ کے قومی منصوبہ کے تحت 50 فیصد رعایتی قیمت پر کاشتکاروں کو پلانٹر/ ڈرل، تھریشر اور کمبائن ہیڈرکے حصول کے لیے 20مارچ تک درخواستیں طلب کر لیں ۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اس ضمن میں صوبہ بھر سے ایسے کاشتکار جو 25 ایکڑ تک ذاتی زمین، مزارع یا ٹھیکیدار ہوں اور کم از کم 50 ہارس پاور ٹریکٹر کے مالک ہوں وہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

زرعی رقبہ کی مشترکہ ملکیت کی صورت میں خاندان کا صرف ایک فرد اس سکیم سے مستفید ہو سکے گا۔ درخواست گزار زرعی مشینری کے حصول کیلئے اپنے ضلع میں درخواست جمع کروانے کا پابند ہوگا۔ درخواست گزار ایک یا ایک سے زائد زرعی مشینری کیلئے درخواست جمع کروا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت حاصل کردہ مشینری کو درخواست گزار 3 سال تک دوسرے کسانوں کو دینے کا پابند ہوگا۔

قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار 15 یوم میں منظور کردہ فرم سے مجوزہ زرعی مشینری کی بکنگ کا پابند ہوگا۔ زرعی آلات و مشینری کی الاٹمنٹ کے متعلق الاٹمنٹ کمیٹی /ناظم اعلیٰ زراعت(توسیع) پنجاب کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ درخواست گزار شناختی کارڈ / ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک، زرعی رقبہ کی فردملکیت کی تصدیق شدہ کاپیاں 100 روپے کے اشٹام پر بیان حلفی کے ساتھ درخواست جمع کروانا ہوگی۔

درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت کے دفتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواست گذار محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ دائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں 20 مارچ 2020 تک وصول کی جائیں گی۔ قرعہ اندازی کی آخری تاریخ 10 اپریل 2020 ہے۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار ایگریکلچرل ہیلپ لائن پر بروز سوموار تا جمعہ دفتری اوقات میں 0800-17000 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :