متحدہ عرب امارات کی شیخ زید جامع مسجد کو بند کر دیا گیا

کرونا وائرس خدشات کے باعث ابوظہبی میں واقع امارات کی سب سے بڑی مسجد اتوار 15 مارچ سے مکمل طور پر بند رہے گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 مارچ 2020 20:53

متحدہ عرب امارات کی شیخ زید جامع مسجد کو بند کر دیا گیا
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات کی شیخ زید جامع مسجد کو بند کر دیا گیا، کرونا وائرس خدشات کے باعث ابوظہبی میں واقع امارات کی سب سے بڑی مسجد اتوار 15 مارچ سے مکمل طور پر بند رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات میں عوامی اجتماعات اور سیاحتی مقامات کو محدود کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ہفتے کے روز جاری ایک اعلان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی شیخ زید جامع مسجد کو بند کر دیا گیا ہے۔

اعلان کے مطابق ابوظہبی میں واقع امارات کی سب سے بڑی شیخ زید جامع مسجد اتوار 15 مارچ سے مکمل طور پر بند رہے گی۔ مسجد میں عبادات کیلئے زائرین کی اور سیاحوں کی آمد بند رہے گی۔ مسجد کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)



جبکہ کرونا وائرس خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات میں ویزوں کے اجراء اور کچھ ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن بھی بند کر دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 17 مارچ سے تمام طرز کے ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ کرونا وائرس خدشات اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 17 مارچ سے سوائے سفارتی پاسپورٹ کے، دیگر کسی طرز کا اماراتی ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق ان افراد ہر نہیں ہوگا جو 17 مارچ سے قبل ہی اماراتی ویزہ حاصل کر چکے۔

17 مارچ سے نہ ہی کوئی سیاحتی، نہ ہی کسی قسم کا ورک ویزہ جاری کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق غیر معینہ مدت کیلئے ہے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے۔ تمام ممالک کو اپنے ہاں لوگوں کی باقاعدہ سکریننگ کا معیار بہتر بنانا ہوگا، اس کے بعد ہی ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ہنگامی طور پر 3 عرب ممالک اور ترکی کیلئے فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث 17 مارچ سے شام، ترکی ، لبنان اور عراق کیلئے متحدہ عرب امارات سے کوئی پرواز نہیں جائے گی، جبکہ ان ممالک سے کوئی پرواز امارات میں بھی داخل نہیں ہو سکے گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 85 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔