سعودی عرب میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس کے مزید 17 کیسز رپورٹ

مملکت میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 103 ہوگئی، موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملک کو مکمل طور پر لاک ڈاون کرنے کی تیاریاں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 مارچ 2020 21:22

سعودی عرب میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس کے مزید 17 کیسز رپورٹ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ 2020ء) سعودی عرب میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس کے مزید 17 کیسز رپورٹ، مملکت میں عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 103 ہوگئی، موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملک کو مکمل طور پر لاک ڈاون کرنے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی مملکت میں کرونا وائرس بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔ حکومتی دعوؤں کے باوجود مملکت میں مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

سعودی وزرت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا وائرس کے مزید 17 کیس سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد کورونا کے تشخیص کیے گئے مریضوں کی گنتی 103 ہو گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے بیشتر مریض غیر ملکی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا کے بیشتر مریض ایسے ہیں جو بیرون ممالکوقت گزار کر سعودی مملکت آئے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ کئی سعودی شہری بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ سعودی ایئر پورٹس، سمندری بندر گاہوں اور زمینی سرحدوں سے آنے والے 6 لاکھ 4 ہزار مسافروں کا طبی معائنہ کیا گیا ، جن میں سے مشتبہ افراد کو الگ کر کے ان کے ٹیسٹ لیے گئے۔ مملکت میں مجموعی طور پر4800 سے زائد مشتبہ مریضوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا گیا، جن میں سے صرف 103 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے۔

مملکت میں کرونا کا ایک مریض شفا یاب ہو چکا ہے جبکہ ایک مریض کی حالت تشویش ناک ہے اس کے علاوہ باقی سب مریضوں کی حالت تسلّی بخش ہے۔ اس تمام صورتحال میں سعودی عرب نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مملکت کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر اتوار کے روز سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو دو ہفتوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اگلے دو ہفتوں کے دوران کوئی پرواز مملکت میں آئے گی اور نہ یہاں سے بیرون ملک روانہ ہو گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاکہ یہ قدم نئے کورونا وائرس کی وبا کے ردعمل کے طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔سعودی عرب کی جانب سے تمام مقامی افراداور تارکین اقامہ ہولڈرز کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ اتوار سے قبل مملکت واپس آ جائیں۔ کیونکہ اس کے بعد انہیں زمینی، فضائی یا بحری راستے سے مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔