پابندی کے باوجود جماعت اسلامی کا جلسے کرنے کا اعلان

کرونا وائرس خدشات کے باعث ملک بھر میں اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد کی جا چکی، تاہم سینیٹر سراج الحق نے 21 مارچ کو فیصل آباد میں حکومت مخالف جلسے کرنے کا اعلان کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 مارچ 2020 22:10

پابندی کے باوجود جماعت اسلامی کا جلسے کرنے کا اعلان
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ2020ء) پابندی کے باوجود جماعت اسلامی کا جلسے کرنے کا اعلان، کرونا وائرس خدشات کے باعث ملک بھر میں اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد کی جا چکی، تاہم سینیٹر سراج الحق نے 21 مارچ کو فیصل آباد میں حکومت مخالف جلسے کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت عوامی اجتماعات کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تاہم اس تشویش ناک صورتحال میں جماعت اسلامی کی جانب سے انتہائی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر اور سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ فیصل آباد میں حکومت مخالف جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امیرسراج الحق کی قیادت میں فیصل آباد 21مارچ کو حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اوربے تحاشا مہنگائی کے خلاف روڈ کاروں اور مختلف علاقوں میں بڑے جلسے کیے جائیں گے جس کیلئے بھرپورتیاریاں کی جارہی ہیں۔

اس اعلان کے بعد سے جماعت اسلامی کو اپنی غیر سنجیدہ سیاست کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ عوام کی جانب سے جماعت اسلامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سراج الحق کچھ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور کرونا وائرس خدشات کے پیش نظر فیصل آباد میں شیڈول اپنے جلسوں کو ملتوی کریں۔ جبکہ دوسری جانب یہ بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کے احکامات پر عملدرآمد کروانے کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ بھی کیا جا سکتا ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے ذریعے جلسے جلسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔