امریکا نے برطانیہ اور دیگر ممالک کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا

یورپ کو عالمی وبا کا نیا مرکز قرار دیے جانے کے بعد امریکا نے بشمول برطانیہ اور آئرلینڈ، یورپی یونین کے تمام ممالک کیساتھ فضائی آمد و رفت بند کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 مارچ 2020 22:31

امریکا نے برطانیہ اور دیگر ممالک کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ2020ء) امریکا نے برطانیہ اور دیگر ممالک کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا، یورپ کو عالمی وبا کا نیا مرکز قرار دیے جانے کے بعد امریکا نے بشمول برطانیہ اور آئرلینڈ، یورپی یونین کے تمام ممالک کیساتھ فضائی آمد و رفت بند کر دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ سمیت 28 یورپی ممالک کیساتھ امریکا نے فضائی آمد و رفت بند کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر یورپی یونین کے رکن ممالک سے امریکا سفر کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا اطلاق ہو گیا ہے۔ پہلے اعلان کیا گیا تھا برطانیہ اور آئرلینڈ کے علاوہ کل 26 یورپی ممالک میں رہنے والے افراد 30 دنوں کی مدت کے لیے امریکا کا سفر نہیں کر سکیں گے، تاہم اب اس پابندی کا اطلاق حال ہی میں یورپی یونین سے الگ ہونے والے برطانیہ اور آئرلینڈ پر بھی کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پابندی کے باعث یورپ میں مقیم امریکی شہری بھی واپس وطن نہیں لوٹ سکیں گے۔ اس کے علاوہ )امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اس عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے 50 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر نے ملک کی تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اس وبا کے خلاف اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ہزاروں لاکھوں ٹیسٹ فراہم کر رہے ہیں۔ ملک کے تمام صحت کے سرکاری مراکز ٹیسٹ کی سہولت فراہم کریں گے۔ ہم اپنے شہریوں کو کرونا وائرس کے خطرے اور خوف سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بڑی عمر کے افراد کو اس وائرس کا ہدف بننے سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکیوں کی سلامتی اور صحت ہر چیز پر مقدم ہے جس کے لیے کئی ضابطے نرم کیے جائے جا رہے ہیں تاکہ وائرس پر جلدی سے قابو پایا جاسکے۔