․شمالی وزیرستان کے ٹرانسپورٹرز کا آپریشن ضرب عضب سے متاثرہ 5ہزار گاڑیوں کے معاوضہ جات کیلئے تحصیل میر علی میں احتجاجی دھرنا

۔سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی ، حکومت فوری نقصانات کا ازالہ کرے ورنہ اگلا دھرنا پشاور اور اسلام آباد میں دیں گے ،مظاہرین

اتوار 15 مارچ 2020 21:05

5بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2020ء) شمالی وزیرستان کے ٹرانسپورٹرز نے آپریشن ضرب عضب سے متاثرہ 5ہزار گاڑیوں کے معاوضہ جات کیلئے تحصیل میر علی میں احتجاجی دھرنادے دیا ،سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی بھی نکالی گئی حکومت فوری نقصانات کا ازالہ کرے ورنہ اگلا دھرنا پشاور اور اسلام آباد میں دیں گے گزشتہ روز شمالی وزیر ستان کے آل ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن شمالی وزیر ستان کے رہنمائوں نے تحصیل میر علی کے مقام پراپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا اور بعدازاں سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ایک ریلی بھی نکالی گئی دھرنے سے صدر نور علی خان ،حاجی قیمت خان ،طارق خان وزیر ،پیر سید ولی شاہ ،حاجی بیت اللہ اور محمد یاسین خان سمیت دیگر مشران نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ہم وزیر ستان میں آپریشن ضرب عضب سے چند قبل بے سر و سامانی کی حالت میں امن و امان کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑ کر نکلے اور اپنی گاڑی کو وہی پر چھوڑ آئے ان دنوں ہماری واپسی ممکن نہیں تھی اور ہماری واپسی کو چند سال لگ گئے جب ہم 3سال بعد وزیرستان کی بحالی پر واپس گئے تو ہماری گاڑیاں بھی آپریشن کے دوران متاثر ہوئی تھی جس سے ہمارا بھاری نقصان ہوا اور ہم بے روز گار ہوگئے کیونکہ ان ٹرانسپورٹروں کی یہی گاڑیاں ذریعہ معاش تھیں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد اب وزیر ستان میں امن و امان مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے حکومت نے ٹرانسپورٹروں کے علاوہ تمام تر طبقات جن میں تاجر برادری ،دکانداروں اور دیگر شامل ہیں کو اُن کے نقصانات کے ازالے کی صورت میں فنڈز ریلیز کردیئے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے لیکن ٹرانسپوٹرز جن کا بھی آپریشن میں بھاری نقصان ہوا ابھی تک اُن کے کسی قسم کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ یہ 5ہزار سے زائد خاندانیں بے روزگاری کا شکار ہیں اُن کا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں انہوں نے کہا کہ ہم شمالی وزیر ستان کی تحصیلوں دتہ خیل ،رزمک ،سپین وام ،گڑیوم ،میرانشاہ ،میرعلی ،دوسلی اور دیگر علاقوں سے 5ہزار ٹرانسپورٹروں کے فارم صوبائی وزیر اقبال وزیر سمیت تمام متعلقہ اداروں کو جمع کرائے ہیں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان ، گورنر خیبر پختونخوا ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پران ٹرانسپورٹروں کے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کرکے ازالہ کیا جائے بصورت دیگرہم اپنے احتجاج کو وسعت دے کر پشاور اور اسلام آباد میں اپنے مطالبات کیلئے احتجاجی دھرنے دیں گے ۔