کرونا وائرس کے مریضوں کو گھروں میں جاکر ڈھونڈا

سندھ حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے گھروں میں جا کر سفر کی ہسٹری لی۔صوبائی وزیر کی اویس قادر شاہ کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 16 مارچ 2020 16:48

کرونا وائرس کے مریضوں کو گھروں میں جاکر ڈھونڈا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مارچ 2020ء) سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہاہے کہ ان کی حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کو گھروں میں جاکر ڈھونڈا ہے۔اویس قادر شاہ نے مارننگ شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکہاکہ سند ھ حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ان کے گھروں میں جا کر ڈھونڈا اور سفر کی ہسٹری لی ہے۔وزیراعلی سند ھ سید مراد علی شاہ ساری صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں، کسی سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا فرض تھا کہ وہ مشکل وقت میں ہماری مدد کرتی، وفاقی حکومت مدد کرے گی تو شکرگزار ہوں گے۔ کرونا وائرس کے مزید 50 مریض سامنے آگئے ہیں۔جس کے بعد سندھ میں میں کرونا وائرس کے کیسزکی تعدادبڑھ کر76جبکہ ملک بھریہ تعداد94ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں ایران سے تفتان بارڈرسے سکھر آنے والے 50 افراد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسزکی تعداد 94 ہوگئی ہے۔

مرتضی وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا کیسزکے مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے، جن میں سے 5کا تعلق کراچی، ایک حیدرآباد سے جبکہ 50 کیسزتفتان بارڈرسے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں ۔74مریضوں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا جبکہ 2افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے احتیاط کی پر زور درخواست ہے، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

آپ کی حکومت کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے ہمیں خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ کرونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج سامنے نہیں آیا، یہ ایک صوبے یا ایک شہر کا مسئلہ نہیں ہے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے، ہم بار بار تفتان بارڈر پر اقدامات کا کہہ رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے جناح اور سول اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مفت کیا جا رہا ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 طبی مراکز میں کورونا وائرس کے آئسولیشن وارڈ قائم ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کورونا وائرس کے آئیسو لیشن وارڈز کراچی میں آغا خان، انڈس ، سول، اوجھا، جناح اور لیاری جنرل اسپتال میں قائم کیئے گئے ہیں۔