نواز شریف کے بھارت سے کاروباری مفادات نہیں رہے، یہ صرف مخالف سیاسی پروپیگنڈہ ہے ،خواجہ آصف

نواز شریف نے بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کی، جس کے مثبت نتائج نہ ملے، میڈیا سے گفتگو

پیر 16 مارچ 2020 18:47

نواز شریف کے بھارت سے کاروباری مفادات نہیں رہے، یہ صرف مخالف سیاسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے کوئی کاروباری مفادات بھارت سے وابستہ نہیں رہے، یہ صرف مخالف سیاسی پروپیگنڈہ ہے۔دفتر خارجہ کی سابق ترجمان تسنیم اسلم کے بیان کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف نے بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کی، جس کے مثبت نتائج نہ ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تسنیم اسلم ایک سینئر سفارتکار رہی ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ سفارتکاری کے آداب ذمے دارانہ گفتگو کا تقاضا کرتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ محترمہ کے انٹرویو میں سیاسی زاویہ ہو سکتا، حقا ئق بالکل نہیں، موجودہ حکومت نے بھارت کو خوش کرنے کیلئے ابھینندن کو رہا کیا، متعدد بار فو ن کاجواب نہ ملا۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمران کشمیر کے حل کیلئے نریندر مودی کی جیت کی دعائیں کرتے رہے اور آج تک موجودہ وزیراعظم سے کلبھوشن جادیو کا نام نہیں سنا۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ کشمیر، دہلی سمیت بھارت کے طول و عرض میں مسلمانوں پر قیامتیں ٹوٹ گئیں تاہم عمران خان اسلامی کانفرنس کا اجلاس تک نہ بلاسکے۔