Live Updates

قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 54 اسلام آباد ، 5 کروڑ روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی فراہمی منصوبہ کا آغاز ، تحریک انصاف کے رہنما خالد محمود نے منصوبہ کا افتتاح کردیا

پیر 16 مارچ 2020 23:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 کے دیہی علاقوں کو 5 کروڑ روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خالد محمود نے منصوبہ کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے عام انتخاب 2018ء میں حلقے کے عوام سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، منصوبہ کے تحت ڈھوک عباسی، محلہ بلال، محلہ عثمانیہ، مدینہ کالونی اور گلشن آباد کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کے کوآرڈینیٹر خالد محمود نے کہا کہ حلقے کے عوام کو پانی کی فراہمی ایک دیرینہ خواب اور عوام کا پرزور مطالبہ تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اسد عمر نے حلقہ کے عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں پورے کریں گے جن میں سے ایک وعدہ پانی کی فراہمی کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پہلے مرحلے میں دو ٹیوب ویل 5 کروڑ روپے کی لاگت سے لگائے جا رہے ہیں جن سے ان علاقوں میں پینے کا صاف پانی سپلائی لائن کے ذریعے عوام کے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔

خالد محمود نے کہا کہ منصوبہ کو تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کے 16 کروڑ روپے کی مختلف منصوبوں کی منظوری دی ہے جن پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات