مسلم لیگ (ن) کی ضلع و تحصیل ایبٹ آباد کی تمام تنظیمیں تحلیل ، صوبائی کونسل کی ممبر شپ بھی ختم

منگل 17 مارچ 2020 12:21

مسلم لیگ (ن) کی ضلع و تحصیل ایبٹ آباد کی تمام تنظیمیں تحلیل ، صوبائی ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے مسلم لیگ (ن) ضلع اور تحصیل ایبٹ آباد کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ضلع ایبٹ آباد کے صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ، جنرل سیکرٹری ملک شفیق اعوان، تحصیل ایبٹ آباد کے صدر حاجی صدیق قریشی، جنرل سیکرٹری شوکت ہارون سمیت سٹی، کینٹ ایبٹ آباد، سٹی، کینٹ حویلیاں اور تمام یونین کونسل کی تنظیمیں تحلیل کر دی گئیں ہیں، نئی تنظیموں کا اعلان آئین کے مطابق جلد کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) صوبہ خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے سابق صدر مسلم لیگ (ن) اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ کو مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ صوبہ خیبر پختونخوا کا صدر نامزد ہونے کے بعد ضلع ایبٹ آباد، تحصیل حویلیاں، تحصیل ایبٹ آباد، سٹی ایبٹ آباد، حویلیاں، کینٹ ایبٹ آباد، حویلیاں ضلع ایبٹ آباد کی 51 یونین کونسل پرائمری سطح کی تمام تنظیمیں فوری طور پر تحلیل کر دی گئیں اور صوبائی کونسل کی اراکین کی ممبر شپ بھی ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے آئین کے مطابق ضلع بھر کی تمام تنظیمیں آئند چند ماہ کے اندر مکمل کر کے اعلان کیا جائے گا۔ صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی کے اعلامیہ کے بعد ضلعی صدر اور ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ، سینئر نائب صدر سردار عبدالرشید، جنرل سیکرٹری ملک شفیق اعوان، تحصیل ایبٹ آباد کے صدر حاجی صدیق قریشی، جنرل سیکرٹری شوکت ہارون خان، سٹی صدر محمد خان سواتی، سٹی جنرل سیکرٹری ندیم احمد مغل، کینٹ ایبٹ آباد کے صدر شاہد تنولی، جنرل سیکرٹری سلیم ماما، تحصیل حویلیاں کے صدر احمد نواز خان، سٹی صدر ملک حبیب احمد، حویلیاں سٹی جنرل سیکرٹری خالد نواز سمیت ضلع بھر کی 51 یونین کونسلز کی پرائمری مسلم لیگ کے صدر و جنرل سیکرٹری اپنے عہدوں سے فارغ کر دیئے گئے ہیں۔

ضلع ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے دو واضح گروپوں جن میں ایک گروپ کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی کر رہے ہیں، کو مرکزی قائدین محمد نواز شریف، میاں شہباز شریف، احسن اقبال، کیپٹن (ر) صفدر، صوبائی صدر امیر مقام اور سابق امیدوار این ای16- حاجی محبت اعوان کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ دوسرے گروپ کی قیادت سابق گورنر سردار مہتاب احمد خان کر رہے ہیں جنہیں رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ، ارشد اعوان، عنایت الله خان، سردار فرید خان، محمد ایوب آفریدی کی حمایت حاصل ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں ان دونوں گروپوں کے درمیان ٹکٹوں کی تقسیم سمیت دیگر کئی امور پر بھی اختلافات سامنے آ ئے تھے تاہم سردار اورنگزیب نلوٹھہ جو دونوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے تھے۔

آخر کار کیپٹن (ر) صفدر نے انہیں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خیبر پختونخوا کا صوبائی صدر نامزد کر کے ضلعی صدر کے عہدے سے ہٹانے کی بنیاد رکھی۔