وقاریونس نے پاک بھارت میچز کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ کا رنگ پھیکا قرار دیدیا

سیاسی تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کا پاکستان کے ساتھ کوئی میچ شیڈول نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 مارچ 2020 12:15

وقاریونس نے پاک بھارت میچز کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ کا رنگ پھیکا قرار ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مارچ2020ء ) وقار یونس نے پاک بھارت میچز کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ کا رنگ پھیکا قرار دے دیا۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9ٹاپ ٹیمیں شریک ہیں،ہر ملک کو دیگر کے ساتھ 6باہمی سیریز کھیلنا ہوں گی،حریفوں کا فیصلہ بورڈ کو اتفاق رائے سے کرنا ہے، سیاسی تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کا پاکستان کے ساتھ کوئی میچ شیڈول نہیں۔

سابق کپتان اور قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے بھارتی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں کہاکہ حکومتی سطح پر مشکل صورتحال ہے لیکن میرے خیال میں آئی سی سی کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پاک بھارت مقابلوں کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ معقول بات نہیں لگتی۔ باہمی تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے اپنے 14 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں بھارت کیخلاف صرف 4ٹیسٹ کھیلنے والے سابق پیسر نے کہا کہ ماضی میں بھی یہی صورتحال رہی،اسی لیے روایتی حریف کیخلاف ڈیبیو کا موقع ملنا میرے لیے یادگار تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر وقار یونس نے کہا کہ بطور بولنگ کوچ پاکستانی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تجربات میری پالیسی کا حصہ ہیں،جو بولرز فارم میں ہوں ان کو بروقت موقع ملنا چاہیے،اس کا یہ مطلب نہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے والوں کو نظر انداز کردیا جائے، محمد عباس اور عمران خان اس کی مثال ہیں۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے فاسٹ بولرز کی تیاری کیلیے سخت محنت کی ہے،اب وہاں سے 140کلومیٹر سپیڈ سے گیند کرنے والے پیسرز تواتر سے سامنے آرہے ہیں، جسپریت بمرا، محمد شامی اورایشانت بھارت کو عروج کی جانب گامزن کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،یہی وجہ ہے کہ ٹیم ٹیسٹ اور دیگر فارمیٹس میں بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔