(ن) لیگ کورونا وائرس کی وبا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان لگانے سے باز نہ آئی، فردو س عاشق اعوان

وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کیلئے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں ( ن) لیگ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی، معاون خصوصی کا بیان

بدھ 18 مارچ 2020 13:57

(ن) لیگ کورونا وائرس کی وبا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان لگانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کورونا وائرس کی وبا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان لگانے سے باز نہ آئی، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کیلئے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں ( ن) لیگ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔

بدھ کو معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی فارن میں بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں، (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پہ وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاش احسن اقبال ان سیاسی رہنمائوں کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی وقت کا تقاضہ ہے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپوزیشن کورونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے، یہ قومی مسئلہ ہے،ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینا ہے۔