کرونا وار، ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس ملتوی کردی گئی

بدھ 18 مارچ 2020 20:41

کرونا وار، ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی ٹور ڈی پاکستان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2020ء) ایشیا ء کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی ’’ٹور ڈی پاکستان انٹر نیشنل ڈرگ فری سائیکل ریس ‘ ‘جو کراچی سے پشاور تک 23سو کلومیٹر طویل فاصلے کیلئے 22مارچ سے 7اپریل تک شیڈول تھی ، کرونا وار کی وجہ سے حکومت پاکستان کی ہدایت پر ملتوی کردی گئی ہے ۔ یہ بات آج ریس کے چیف آرگنائزر ، پاکستا ن سائیکلنگ فیڈریشن کے لائزن آفیسر برائے سندھ اور کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے ہنگامی بریفنگ میں بتائی۔

کلیم اعوان نے بتایا کہ حکومت پاکستان اور چاروں صوبائی حکومتوں کی طرف سے ریس کے انتظامات مکمل تھے لیکن غیر ممالک سے آنے والے سائیکلسٹوں اور پاکستانی سائیکلسٹوں و منتظمین کو کرونا وار سے بچانے کیلئے حکومت پاکستان کی ہدایت پر اس ریس کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کلیم اعوان نے مزید کہاکہ انشاء اللہ اس بحران میں بھی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی حکمت شامل ہے جس کا اندازا انشاء اللہ تعالیٰ کرونا وار سے نمٹنے کے بعدہو گا۔

واضع رہے کہ یہ سائیکل ریس کراچی سے پشاور تک 22مراحل میں طے ہونے تھی جن میں حیدرآباد،نوشہرووفروز، سکھر، رحم یارخان، راجنپور ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، راولپنڈی، اٹک اور پشاور شامل ہیں۔ ریس میں قومی و بین الاقوامی 120تیز رفتار ترین سائیکلسٹوں کی شرکت متوقع تھی۔