کراچی،حساس ادارے اور پولیس نے دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 18 مارچ 2020 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2020ء) حساس ادارے اور پولیس نے دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں آئی ٹی کا ماہر شخص بھی شامل ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جہاں گرفتار اغوا کار کی نشاندہی پر حساس ادارے اور پولیس نے چھاپے مارکارروائی کرتے ہوئے اغوا کارگروہ کے چار کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے،یہ چھاپے کراچی، پنڈی اور سندھ کے دیگر شہروں میں مارے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں آئی ٹی کا ماہر شخص شامل ہے،ملزم کو پراکسی اور وی پی این نمبرز استعمال کرنے میں مہارت حاصل ہے،ملزمان وی پی این نمبرز کے ذریعے ہی تاوان کا مطالبہ کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چھاپہ مارکارروائیوں میں واردات میں گاڑی استعمال کرنے والا ملزم بھی دھر لیا گیا ہے یہ ملزم واردات کے دوران مسلح ملزمان گاڑی میں بیک اپ سپورٹ دیتا تھا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمان کے گروہ میں نوجوان لڑکیاں بھی شامل ہیں ،ان لڑکیوں کو اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں سہولت کار کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ تیس نومبر کو رات گئے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی سات دسمبر دو ہزار بیس کی رات کو ازخود گھر پہنچ گئیں تھیں۔اس سے قبل گذشتہ سال انیس مئی کی شب کو کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر سے اغوا بیس سالہ بسمہ ایک کروڑ روپے تاوان کی مبینہ ادائیگی کے بعد گھر پہنچ گئی تھیں۔#