کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تاجروں کو حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،میاں اسلم اقبال

وزیر صنعت وتجارت کی زیر صدارت اجلاس،حفاظتی ماسک،گلوز،گاؤئنز،سینیٹائزرزاور دیگر سرجیکل آلات کی دستیابی،مقامی سطح پر تیاری کی تجاویز او رقیمتوں کا جائزہ لیا

جمعرات 19 مارچ 2020 18:07

کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تاجروں ..
لاہور۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2020ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں حفاظتی ماسک،گلوز،گاؤئنز،سینیٹائزرزاور دیگر سرجیکل آلات کی دستیابی،مقامی سطح پر تیاری کی تجاوئز اورقیمتوں کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت کیپٹن (ر) ظفر اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری اشعر زیدی،ڈائریکٹر فارمیسی اور صنعت وتجارت و صحت کے محکموں کے افسران کے علاوہ صدر لاہور چیمبرز عرفان شیخ،سرجیکل آلات فراہم کر نے اور فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

شرکت کرنے والی کمپنیوں کے حکام میں تھری سٹارز میڈیکل سپلائرز کے علی ظفر،اویکس ایسوسی ایٹس کے دانش،اے پی ایس ٹی اے انٹر نیشنل کے محسن ایاز اور دیگرشامل تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارماسیوٹیکل کمپنیز اور سرجیکل آلات کے سپلائرز مارکیٹوں میں حفاظتی ماسک،گلوز اور سرجیکل آلات کی دستیابی یقینی بنائیں۔ چند ٹکوں کی لالچ میں سرجیکل آلات کا مارکیٹوں سے غائب ہو جانااور قیمتیں بڑھنا قابل افسوس ہے۔

حکومت ان حالات خاموش نہیں رہے گی،مہنگائی مافیاز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون حرکت میں آچکا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کی پریشانیاں بڑھانے والے ذخیرہ اندوزوں اور نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تاجروں کو حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی آفت کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے۔کسی نے مشکل حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین مشکل حالات میں ایک دوسرے کی مدد اور تعاون کا درس دیتا ہے۔کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرناہے۔ایک ایک زندگی قیمتی ہے،عوام کو کورونا وائرس کے خلاف تحفظ کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔

محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ صحت نے حفاظتی ماسک،گلوز اور دیگر سرجیکل آلات کی ہنگامی بنیادوں پرخریداری شروع کر دی ہے۔صدر لاہور چیمبر عرفان شیخ نے مارکیٹوں میں سینیاٹزرز کی وافر مقدار میں دستیابی کی یقین دہانی کروائی۔ فارماسیوٹیکل کمپنیز کے حکام نے کوروناوائرس کے دنیا بھر میں پھیلاؤ کی وجہ سے سرجیکل آلات کی دستیابی کے حوالے سے مشکلات سے آگاہ کیا۔