صدر مملکت عارف علوی کا علامہ نیاز حسین نقوی کو ٹیلی فون،کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے کی اپیل

کورونا وائرس متاثرین کی دیکھ بھال کے لئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے ٓسیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھلا کر قومی جذبے سے کرونا کا مقابلہ کرنا ہوگا، صدر مملکت مشکل کی اس گھڑی میں علما حکومت کے ساتھ ہیں، علامہ نیاز نقوی آزمائش و مصیبت کو مقامات ِ مقدسہ کے زائرین سے جوڑنا خلاف ِ حقائق،قومی یکجہتی کے منافی ہے، علامہ نیاز نقوی کا خط

جمعرات 19 مارچ 2020 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائب صدروفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علما ء کرام حکومت کا ساتھ دیں۔ ملک کے تمام طبقات سیاسی مذہبی اور مسلکی اختلافات بھول کر ایک آواز ہوجائیںاور قومی جذبے کے ساتھ موذی وبا کا مقابلہ کریں۔

انہوں نے کورونا وائرس کے متاثرین کی دیکھ بھال کے لئے نوجوان رضاکاروں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ علامہ نیاز نقوی نے یقین دہانی کروائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں علما حکومت کے ساتھ ہیں۔ بھر پور تعاون کررہے ہیں اور مزید بھی کریں گے۔ انہوں نے زوردیا کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت فوری ا ور مؤثر اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

اس بحران سے نمٹنے کیلئے شیعہ علماء ،تنظیمیں ، مخیرین اور نوجوان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہیں۔

جن نکات کی طرف صدر پاکستان نے متوجہ کیا ہے ہم خود بھی اس پر پہلے سے عمل کر رہے ہیں اور ملک بھر میں اپنے مدارس ، علماء ، آئمہ جمعہ وجماعت کو بھی تاکید کر رہے ہیں۔ البتہ علامہ نیاز نقوی نے صدر مملکت، وزیر اعظم، آرمی چیف، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی برائے صحت، اطلاعات اور تعلیم کے نام خط میں متوجہ کیا اور زوردیا کہ میڈیا سے مخصوص قسم کا پروپیگنڈا قومی یکجہتی کی فضاء کو متاثر کر رہا ہے۔

اس آزمائش و مصیبت کو مقامات ِ مقدسہ کے زائرین سے جوڑنانہ صرف خلاف ِ حقائق بلکہ قومی یکجہتی کی فضاء کے بھی منافی ہے۔وائرس کے پھیلائو کے اسباب و عوامل سے سب ذمہ داران بخوبی آگاہ ہیں۔ عوامی رائے سازی میں میڈیا کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، اِس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیںاور منفی تاثر اجاگر کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے واپس آنے والے مسافروں بالخصوص زائرین کیلئے بنائے گئے کیمپوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں۔

شیعہ علماء و تنظیموں کو ان کیمپوں تک رسائی دی جائے تاکہ حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر نے مطالبہ کیا کہ کیمپوں میں صفائی ، غذا اور علاج کی فراہمی اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے حکومتی اہلکاروں کے ساتھ شیعہ علماء و تنظیموں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے۔