شرجیل فوری طور پر ٹیم میں واپسی کیلیے تیار نہیں لگتے، وقار یونس

پی ایس ایل کے بعد شرجیل کے پاس خود کو فٹ کرنے کیلیے کافی وقت موجود ہے، بولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 مارچ 2020 12:07

شرجیل فوری طور پر ٹیم میں واپسی کیلیے تیار نہیں لگتے، وقار یونس
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کا ماننا ہے کہ شرجیل خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنا جلد بازی ہو گی اور انہیں ابھی بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے بالخصوص اپنی فٹنس کو بہتر بنانا ہو گا۔تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے کہا کہ شرجیل خان کو بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور صرف ایک یا دو اننگز کی بنیاد پر ہی کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہیں اپنی فٹنس پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم میدان میں انہیں کہاں چھپائیں گے؟ فیلڈنگ اب بہت اہمیت اختیار کر چکی ہے بالخصوص آسٹریلیا میں، جہاں گراﺅنڈز بہت بڑی ہیں، پی ایس ایل کے بعد شرجیل خان کے پاس اپنی فٹنس بہتر کرنے کیلئے بہت وقت ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل شعیب اختر اور رمیز راجہ بھی شرجیل خان کی فٹنس پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ شرجیل خان میں بہت ٹیلنٹ ہیں لیکن انہیں اپنی پیٹ کی چربی کم کرتے ہوئے فٹ ہونا پڑیگا۔ پی ایس ایل میں منتخب ہونے سے پہلے انکے پاس 6 مہینے کا وقت تھا لیکن اب بھی انہیں بہت وقت مل گیا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنی فٹنس اور فیلڈنگ بہتر کرنا ہو گیا۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کو اپنی فٹنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ اب بھی بہت موٹے اور ان فٹ نظر آتے ہیں جبکہ وکٹوں کے درمیان ان کی رننگ بھی تقریباً صفر ہے اور بابراعظم کو کئی مرتبہ اس حوالے سے جھنجھلاہٹ کا شکار ہوتے بھی دیکھا۔

شرجیل خان کو یہ حقیقت ماننا پڑے گی کہ وہ صرف چوکوں اور چھکوں پر ہی انحصار نہیں کر سکتے۔ ان کی بیٹنگ میں ردھم کی ضرورت ہے جو سنگل ڈبل لینے سے ہی آئے گا، لہٰذا انہیں فٹنس پر بہت کام کرنا پڑےگا۔