کورونا وائرس کے اثرات سے محفوظ رہنے کا سب سے موثر ہتھیار احتیاط ہے ، غلام مرتضی بلوچ

جمعہ 20 مارچ 2020 20:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2020ء) صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں و خصوصی ترقی غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات سے محفوظ رہنے کا سب سے موثر ہتھیار احتیاط ہے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہم اپنے آپ کو اور اردگرد رہنے والے دیگر افراد کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ صورتحال کے مدنظرسندھ حکومت نے کراچی ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی سخت نگرانی شروع کر دی ہے۔

یہ بات انہوں نے کراچی ایئرپورٹ آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کراچی ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ عمل کو چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے کراچی ایئرپورٹ پر محکمہ صحت سندھ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ کے ھمراہ ایس ایس پی ملیر سید علی رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد حکومت سندھ ایئرپورٹ سمیت سندھ میں دیگر داخلی راستوں کی سختی سے نگرانی کر رہی ہے کیونکہ سندھ میں کروناوائرس کے پازیٹو مریضوں کی بڑی تعداد بیرون ملک سے آنے والوں کی ہے اس لئے سندھ کی داخلی راستوں پر چیکنگ اور اسکریننگ کے عمل کو مزید موثر کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر غلام مرتضء بلوچ نے کہا کہ حکومت سندھ کے بروقت اقدامات کے باعث صورتحال میں بہتری ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ دن رات کرونا وائرس کے خلاف مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی کرونا وائرس کے مسئلے پر پریس کانفرنس ان کے وڑن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔#