ّکراچی سے اغوا ہونے والی دعا منگی کیس میں مطلوب دو ملزمان پشاور سے گرفتار، اسلحہ برآمد

جمعہ 20 مارچ 2020 23:10

ج*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2020ء) آئی خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی اغوائیگی کیس میں ملوث ملزمان کا پشاور فرار ہونے کی اطلاع/ خدشے کے پیش نظر لئے گئے خصوصی نوٹس پر پشاور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، آئی جی پی خیبر پختونخواہ نے اطلاع کے پیش نظر خصوصی نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کو خصوصی ٹاسک حوالہ کیا تھا، تھانہ خزانہ پولیس کی جانب سے ہونے والی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران دعا منگی کو اغوا کرنے جبکہ واردات کے دوران ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا ہے، پشاور پولیس کی جانب سے ہونے والی کامیاب کارروائی کے حوالے سے کراچی پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے جس کے بعد دونوں ملزمان کو سندھ منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آئی جی پی خیبر پختونخواہ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی اغوائیگی کیس میں مطلوب دو ملزمان کا پشاور فرار ہونے کی اطلاع/ خدشے کے پیش نظر خصوصی نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتاری کی خاطر سی سی پی او محمد علی گنڈاپور کو خصوصی ٹاسک حوالہ کیا تھا ، جس کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی سربراہی میں ایس پی رورل نجم الحسنین ، اے ایس پی چمکنی خانزیب خان اور ایس ایچ او تھانہ خزانہ اعجاز اللہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی تھی ۔

اے ایس پی خانزیب خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ خزانہ اعجاز اللہ نے ملزمان کی تھانہ خزانہ کی حدود میں موجودگی کی اطلاع پر مختلف علاقوں میں سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو تعینات کر کے مشتبہ اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی جس کے دوران خفیہ اطلاع ملنے کی روشنی میں پولیس نے لنڈے سڑک پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان وسیم راجہ عرف کامران چھوٹو اور محمد طارق کو گرفتار کر لیا ، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کیدوران تھانہ درخشاں کراچی کی حدود سے دعا منگی نامی لڑکی کو اغوا کر کے رہائی کے بدلے پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کرنے سمیت واردات کے دوران ایک نوجوان حارث شیخ کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا ہے، ملزمان سے ایک عدد نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے جن کی گرفتاری سے متعلق کراچی پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے جن کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کی خاطر کراچی منتقل کیا جائے گا۔