3 ہزار زائرین کو ایران سے براہِ راست فیصل آباد لانے کا فیصلہ

زرعی یونیورسٹی کے 26 میں سے 20 ہاسٹل قرنطینہ سنٹر کے لیے مختص کر لیے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 21 مارچ 2020 17:39

3 ہزار زائرین کو ایران سے براہِ راست فیصل آباد لانے کا فیصلہ
فیصل آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21مارچ2020ء) ایران میں موجود 9 ہزار میں سے تین ہزار زائرین کو براہ راست فیصل آباد لانے کا فیصلہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایران میں موجود 9 ہزار زائرین کو مختلف شہروں میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سے 3 ہزار زائرین کو براہ راست فیصل آباد لایا جائے گا۔زائرین کے لیے ہنگامی بنیادوں طور پر پر تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔

زرعی یونیورسٹی کے 26 میں سے 20 ہاسٹل قرنطینہ سنٹر کے لیے مختص کر لیے گئے ہیں۔ان زائرین کو فیصل آباد ائیرپورٹ پر مخصوص پروازوں کے ذریعے لایا جائے گا۔وہاں سے مخصوص بسوں کے ذریعے انہیں زرعی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں منتقل کیا جائے گا جنہیں قرنطینہ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔یہ قرنطینہ سنٹر پاک فوج کے جوانوں کی نگرانی میں بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان زائرین کو 14 دن تک اسی قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے گا۔

14 دن بعد جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو انہیں آئسولیشن سینٹر میں رکھا جائے گا جبکہ دیگر افراد کو کو گھروں میں روانہ کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔مزید نئے کیس سامنے آنے کے بعد پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 543 ہوچکی ہے۔سندھ میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 267 ہے۔

جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔پنجاب میں کرونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔بلوچستان میں ہفتے کے روز کرونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے،صوبے میں اب تک104 کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں 25 کیسز کی تصدیق کی ہے۔گلگت بلتستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور تعداد 30 تک جا پہنچی ہے۔آزاد کشمیر سے تاحال کرونا وائرس کا ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے۔