خواجہ برادران کومبارکباد دینے آنیوالوں کا تانتا ،سیاسی رہنمائوں کی ٹیلیفون پر بھی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری

شہباز شریف ،مریم نواز، فضل الرحمان ،پرویز الٰہی ، سراج الحق ، نہال ہاشمی نے ٹیلیفون کر کے مبارکباد پیش کی لیاقت بلوچ ، فرید پراچہ ،خرم دستگیر،طلال چوہدری ،جاوید ہاشمی ،رانا آصف ڈیال ،سپیکر آزاد جموں کشمیر شاہ غلام قادراور دیگر کی رہائشگاہ آمد

ہفتہ 21 مارچ 2020 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2020ء) پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں رہائی پانے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو گزشتہ روز بھی مبارکباد دینے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ،شہباز شریف ،مریم نواز، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر نے ٹیلیفون کر کے مبارکباد پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مرکزی نائب صدر مریم نواز، جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ، پارٹی رہنما نہال ہاشمی نے خواجہ برادران کو ٹیلیفون کر کے رہائی پر مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے خواجہ برادران کو رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کااثاثہ ہیں،آپ نے جھوٹے الزام پر بڑے صبر واستقامت سے جیل کاٹی،آپ جیسے لوگ سیاسی جماعتوں کی شان ہوتے ہیں،آئندہ چند دنوں میں آپ سے ملنے آپ کے گھر آئوں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاط بھی کریں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ دونوں بھائیوں کی جدوجہد جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے، جس بہادری سے آپ نے ریاستی جبر کا سامنا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے، عمران نیازی کا نام نہاد احتساب کا نعرہ پٹ چکا ہے۔

خواجہ برادران نے رہائی پر مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے بھی خواجہ برادران کو انکی رہائی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی کو آپ پر فخر ہے۔آپ نے ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بھی دونوں بھائیوں کو رہائی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی خواجہ برادران کو رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر آزمائش سے محفوظ رکھے ۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد نے بھی خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے رہائی پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں انجینئر خرم دستگیر،طلال چوہدری ،جاوید ہاشمی ،رانا آصف حسین ڈیال ،سپیکر آزاد جموں کشمیر شاہ غلام قادر، رانا مبشر اقبال سمیت دیگر نے بھی خواجہ برادران کی رہائشگاہ پر جا کر انہیں رہائی پر مبارکباد پیش کی ۔