وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ہفتے کے روز پاک افغان بارڈر کو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کیلئے کھول دیاگیا

ہفتہ 21 مارچ 2020 18:58

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ہفتے کے روز پاک افغان بارڈر ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2020ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ہفتے کے روز پاک افغان بارڈر کو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کیلئے کھول دیاگیا جس کے بعد فریش فروٹس ،سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کے سامان سے لدے 50ٹرک افغانستان کی حدود میں داخل ہوگئے ۔دیگر مال بردارگاڑیوں کی داخلے کیلئے بھی درکار کارروائی کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کے ذریعے پاک افغان بارڈر کو مال بردار گاڑیوں کیلئے کھولنے کے احکامات دیتے ہوئے کہاتھاکہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان افغان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ہم نہیں چاہتے کہ افغان عوام کو اشیائے خوردونوش ودیگر کے حوالے سے مشکلات کاسامنا ہو ان کی ہدایت پر عملدرآمد گزشتہ روز ہی شروع کردیا گیاتھا اورمختلف گاڑیوں کی افغانستان داخلے سے قبل درکار کارروائی شروع کردی گئی تھی اور 50گاڑیوں کی دستاویزات مکمل کئے گئے تھے جنہیں ہفتے کے روز افغانستان کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی دیگر مال بردار گاڑیوں کی دستاویزات کیلئے درکار کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے انہیں بھی جلد افغانستان کی حدود میں داخل کیاجائے گا،نوول کورونا وائرس سے پیشگی بچائو کی خاطر وفاقی حکومت نے پاک ایران اور پاک افغان بارڈر کو تفتان اور چمن کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی بندکرنے کااعلان کیا تھا جس کے باعث افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی کرنے والی مال بردارگاڑیوں کی بڑی تعداد چمن شہر میں پھنس گئی تھی ہفتے کے روز پاکستان کی طرف سے یکطرفہ مال بردار گاڑیوں کے جانے کا سلسلہ افغانستان کو شروع ہوچکاہے دوسری جانب تفتان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں قائم قرنطینہ سینٹر میں ایران سے داخل ہونے والے افرادکیلئے دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے کام تیز کردیاگیاہے اس سلسلے میں گزشتہ روز آئی جی ایف سی سید فیاض حسین شاہ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان ،ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون ،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ بشیر احمد ودیگر کے ہمراہ چمن بارڈر کے قریب واقع قرنطینہ سینٹر کادورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیاتھا۔

(جاری ہے)

نہ صرف ٹیسٹ کرنے کیلئے درکار مشینری اور وین پہنچائی گئی ہے بلکہ صفائی ستھرائی ورنگ وروغن کاکام بھی جاری ہے بتایاجارہاہے کہ گزشتہ روز تفتان قرنطینہ میں جن افراد میں نوول کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی انہیں ایمبولینسز کے ذریعے مزید علاج کیلئے کوئٹہ روانہ کردیاگیاہے۔