وزیر اعظم عمران خان کا معاشی بحالی کیلئے پیکج کا اعلان خوش آئند ہے، کریم عزیز ملک

اتوار 22 مارچ 2020 12:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) آل پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن (اے پی ایس آر آر ای) کے چئیرمین کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معاشی بحالی کے لئے پیکج کا اعلان خوش آئند ہے جس سے عوام اور کاروباری برادری کے مسائل میں کمی آئے گی۔ معاشی بحالی کے پیکج کے لئے نجی شعبہ سے بھرپور مشاورت کی جائے تاکہ پیکج کامیاب اور مجموعی صورتحال بہتر ہو سکے۔

کریم عزیز ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاکھوں افراد کو روزگار اور حکومت کوبجلی اور گیس کے بلوں اور محاصل کی مد میں اربوں روپے ادا کرنے والے سٹیل ری رولنگ سیکٹر کو معاشی بحالی کے پیکج میں شامل کر کے بیل آوٹ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں کمی آئی ہے جس نے سٹیل انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

تعمیراتی شعبہ مکمل طور پر فعال نہیں جبکہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تعمیراتی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں جس سے شعبہ کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بینکوں کی بلند شرح سود، ڈیڑھ فیصد ٹرن اوور ٹیکس، توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور سٹیل کے شعبہ سے فکسڈ سیلز ٹیکس کی سہولت واپس لینے سے بھی سٹیل کے شعبہ کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سٹیل سیکٹر کے لئے شرح سود کو صفر کیا جائے، سابقہ قرضوں پر سود کی ادائیگی کو چھ ماہ کے لئے موخر کیا جائے۔ ٹرن اوور ٹیکس کو ڈیڑھ فیصد سے کم کر کے 0.25 فیصد کیا جائے اور سٹیل کے شعبہ کے لئے فیڈرل ایکسائیز ڈیوٹی ختم کر کے فکسڈ سیلز ٹیکس کی سہولت بحال کی جائے تاکہ یہ شعبہ فعال ہو کر ملکی ترقی میں اپنا کردار اد اکرنے کے قابل ہو سکے۔