جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو گا ، ان کے جائز حق خودارادیت کے لئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم پاکستان پر پیغام

اتوار 22 مارچ 2020 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) یوم پاکستان پر بانی رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے جو کہ گزشتہ 7ماہ سے زائد عرصہ سے غیرانسانی لاک ڈائون اور مواصلاتی بندش کا شکار ہے۔ صدر نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو گا اور ان کے جائز حق خودارادیت کے لئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے کیونکہ آج کے دن 1940ء میں تاریخی قرارداد لاہور پاس کی گئی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک عظیم مقصد کے لئے متحد کیا۔

(جاری ہے)

برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر علیحدہ وطن کے لئے غیرمتزلزل عزم ظاہر کیا جس میں وہ اپنے مذہب، روایات، اقدار اور ثقافت کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور تحریک آزادی کے دیگر تمام عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے تخلیق پاکستان کی راہ ہموار کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئیں ہم اپنے ملک کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنے آباء و اجداد کے نقش قدم پر چل کر ان کی میراث اور ورثے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں دنیا کو کورونا وائرس کے شدید خطرے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بہت کم ہی دنیا بھر میں کسی آفت کا اتنا اثر پڑا ہو جتنا آج وہ دیکھ رہے ہیں۔

اقوام مشکل وقت سے گزر رہی ہیں تاہم وہ صرف اتحاد سے اس کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کو بھی اس وباء کے مقابلہ کے لئے متحد ہو کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، یہ معاشرے کے تمام طبقات بشمول علمائے کرام، میڈیا اور سیاسی رہنمائوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اس وائرس سے بچائو کے لئے اقدامات سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور ہیلتھ ورکرز اس بحران کے خلاف پہلی دفاعی لائن ہیں اور قوم ان کی بے مثال اور بے لوث کوششوں پر سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک خدمات کی بھی تعریف کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان چیلنجوں پر قابو پانے کی توفیق عطاء فرمائے۔