ٹرمپ حکومت کورونا کی عالمی وباء کے مقابلے کیلئے مناسب تیاری کرنے میں ناکام رہی ہے، سوزن رائس

پیر 23 مارچ 2020 10:35

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2020ء) امریکہ کی سابق قومی سلامتی مشیر سوسن رائس نے امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کافی مرتبہ خبردار کرنے کے باوجود عالمی وبائی مرض کے مقابلے کے لئے مناسب تیاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔سوزن رائس نے سی این این کے ساتھ ٹیلی فونک انٹرویو میں اس بارے میں کہا کہ ان کی ٹیم نے ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کو ممکنہ وباء کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اوباما انتظامیہ کی قیادت میں گلوبل ہیلتھ سیفٹی اور بائیوڈیفینس آفس قائم کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دفتر کو دو سال قبل بند کردیا گیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کا2018 میں اس دفتر کو بند کرنا موجودہ وبائی صورتحال سے نمٹنے میں موجودہ حکومت کی سست روی کی ایک وجہ قرار دیا جاسکتاہے۔سوزن رائس نے مزید کہا کہ ایک امریکی صدر کا تقریباً ہر روز یہ کہنا غلط ہے کہ اس وباء کے بارے میں کون سوچ سکتا تھا کون اس کی توقع کرسکتا تھا ہمیں نہیں پتہ تھا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ ایسا ہوگا اور ہم باربار کہتے رہے کہ ہمیں اوباما انتظامیہ کی طرح اس کے لئے تیاری کرنی چاہیے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہم نے ٹرمپ انتظامیہ کو کافی رقم بھی فراہم کی۔