پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ٹوکیو میںیوم پاکستان کی تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا

پیر 23 مارچ 2020 10:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2020ء) جاپان میں پاکستان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم پاکستان پورے جوش وجذبے اور روایتی انداز میں منایا گیا۔یوم پاکستان تقریب ٹوکیو میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے قومی پرچم لہرایا جبکہ تقریب کے شرکاء نے مل کر قومی ترانہ بھی پڑھا۔ امتیاز احمد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات بھی سنائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال سمیت تحریک آزادی کے دیگر رہنمائوں کی قیام پاکستان کے حوالے سے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لازوال قربانیوںکے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا ہم سب پاکستانیوں پر لازم ہے کہ ہم پاکستان میں امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بانی پاکستان اور مفکر پاکستان کے وژن کے مطابق اپنے ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مسلح افراد کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی تاکہ انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ تقریب میں جاپان میں مقیم پاکستانی برادری سمیت ، سفارتی اور جاپان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔