پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،

کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

پیر 23 مارچ 2020 12:22

پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا، اس روز قائد اعظم کی قیادت میں متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں نے اپنی تہذیب و تمدن کے تحفظ، اپنی بقا اور سماجی و معاشی ترقی کے لئے اس بے مثال جستجو کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد و خود مختار مسلم ریاست معرض وجود میں آئی، پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قیام پاکستان کی بدولت برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنے تہذیبی تشخص کو پروان چڑھانے، مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر ہوئے جو متحدہ ہندوستان کی ہندو اکثریت ان سے سلب کرنے پر تلی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 70 سال کے حالات و واقعات ہمارے آباء و اجداد کی بصیرت اور سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔ آج کا دن ہمیں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں جو قیام پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے اور جن کے حصول کے لئے ہمارے آباء و اجداد نے اپنا سب کچھ قربان کیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے نہایت فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے اپنے ہم وطنوں سے درخواست کی کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں بذات خود اس وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں اور انشا ء اللہ، ہم اس آزمائش میں کامیاب ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو 231 دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر نہ صرف مقید ہیں بلکہ بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

تنازعہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اپنے قومی مقاصد کے حصول میں کامیابی عطا فرمائے اور موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔