اہداف کے حصول میں ناکامی پر اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا:وقار یونس

3 سالہ معاہدے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ پوسٹ سے بدستور چمٹا رہوں:قومی باؤلنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 مارچ 2020 14:26

اہداف کے حصول میں ناکامی پر اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا:وقار یونس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ اہداف کے حصول میں ناکامی پر وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے کیونکہ 3 سالہ معاہدے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ پوسٹ سے بدستور چمٹے رہیں۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکے تو فرائض سے علیحدگی اختیار کرنے میں قطعی دیر نہیں لگائیں گے کیونکہ وہ اپنی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور ایک سال کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں محسوس ہوا کہ کارکردگی بہتر نہیں اور وہ اپنے عہدے سے انصاف نہیں کر رہے تو اپنے طور پر مستعفی ہو کر خود کو عہدے سے الگ کرلیں گے ۔اپنے وقت کے بہترین فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ وہ اسے اس انداز سے دکھتے ہیں کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کیلئے مستحکم پیس اٹیک تیار کرنے کا پلان بنایا ہوا ہے جبکہ سفید بال کے فارمیٹس کیلئے روٹیشن پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قومی باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’’جیسے کو تیسا‘‘ والی پالیسی کے تحت ان باؤلرز پر نگاہ رکھی ہوئی ہے جو فارم میں ہیں اور اکتوبر میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ اپنے کام سے مطمئن ہیں۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ ان کے پاس شاہین آفریدی،نسیم شاہ اور محمد حسنین جیسے پرجوش اور نوجوان فاسٹ باؤلرز موجود ہیں جبکہ وہ ملک میں موجود دیگر صلاحیت کو سامنے لانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں اور وہ اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ہرگز بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :