جنسی جرائم میں سزا کاٹنے والے ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کورونا کا شکار

پیر 23 مارچ 2020 21:14

جنسی جرائم میں سزا کاٹنے والے ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کورونا ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2020ء) جنسی جرائم میں 23 سال کی سزا کاٹنے والے بدزمانہ ہولی وڈ پروڈیوسر 68 سالہ ہاروی وائنسٹن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ہاروی وائنسٹن کو امریکی ریاست نیویارک کی عدالت نے فروری میں خواتین کے ریپ کا مجرم قرار دیا تھا اور انہیں رواں ماہ 11 مارچ کو خواتین کے ریپ کرنے اور ان کی تذلیل کرنے کے جرم میں 23 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

ہاروی وائنسٹن کو سزا سنائے جانے کے بعد کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں رکھا گیا تھا کیوں کہ انہیں دل کے عارضے سمیت صحت کے دیگر مسائل لاحق تھے جب کہ گزشتہ برس ایکسیڈنٹ ہونے کی وجہ سے بھی انہیں کچھ شکایات تھیں۔کچھ دن ہسپتال میں رہنے کے بعد ہاروی وائنسٹن کو نیویارک کے رکر آئی لینڈ جیل منتقل کردیا گیا تھا مگر 21 مارچ کو انہیں دیگر قیدیوں اور جیل انتطامیہ کے ساتھ کورونا کے ٹیسٹ کے لیے لے جایا گیا، جہاں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

(جاری ہے)

ہاروی وائنسٹن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں علاج کے لیے منتقل کردیا گیا جب کہ ان کے علاوہ جیل انتظامیہ کے 2 عہدیدار بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق جیل انتظامیہ کے پاس حفاظتی آلات کی کمی تھی جس وجہ سے دیگر عہدیداروں کے بھی کورونا کے شکار ہونے کا خدشہ ہے، تاہم 2 عہدیداروں میں کورونا کی تشخیص کے بعد کئی دیگر عہدیداروں کو حفاظتی انتظامات کے پیش نظر قرنطینہ کردیا گیا۔