امریکہ میں 41 ہزار افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق، صدر ٹرمپ کا ڈاکٹروں اور طبی عملہ میں اسی لاکھ این ۔95 ماسکس کی تقسیم کا اعلان

منگل 24 مارچ 2020 10:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2020ء) امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 3 لاکھ 13 ہزار افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 41 ہزار افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔چینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہائوس میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملک بھر میں تمام لیبارٹریز کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹوں کے نتائج سے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کو فوری آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی ملک بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو اسی لاکھ این۔ 95 ماسک اور دیگر حفاظتی آلات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اشیاء کا بڑا حصہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں واشنگٹن اور نیویارک کو فراہم کیا جائے گا۔امریکی صدر نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے درکار آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کی زخیرہ اندوزی پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔