الخدمت اینٹی کورونا ٹاسک فورس کے وفدکا سکھر میں قرنطینہ سینٹر کا دورہ

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 24 مارچ 2020 17:05

الخدمت اینٹی کورونا ٹاسک فورس کے وفدکا سکھر میں قرنطینہ سینٹر کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ2020ء) الخدمت اینٹی کورونا ٹاسک فورس کے وفدنے وائس چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاوٴنڈیشن و چیئرمین الخدمت اینٹی کورونا ٹاسک فورس پروفیسرڈاکٹر حفیظ الرحمن کی زیرِقیادت سکھر میں سندھ حکومت کے تحت قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے قرنطینہ سنٹر میں متاثرین کو منرل واٹر کی 900بوتلیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر دو وقت چائے اور بسکٹس فراہم کئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹرزاور دیگر اسٹاف کی لسٹیں مرتب کرکے ان کی ضرورت کے مطابق انھیں حفاظتی کِٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی درخواست پر تھر پارکر میں قائم الخدمت نعمت اللہ خان میڈیکل کمپلیکس کا ایک فلور اس وبا سے نمٹنے کے لیے وقف کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ الخدمت اورسندھ حکومت کے فراہم کردہ پوسٹرز اور بینر زمختلف مقامات پر آویزاں کرکے الخدمت کے رضاکارقومی آگہی مہم میں اپنا کردار اداکررہے ہیں۔

اراکینِ وفد نے ڈپٹی کمشنر سکھر محمد عدیل اور قرنطینہ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آغا سمیع اللہ سے بھی ملاقات کی جنھوں نے الخدمت کے وفد کی سکھر آمد اور قرنطینہ سینٹرو دیگر امور میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے تھرپارکر، گھوٹکی، شکار پور اور دیگرالخدمت مراکز صحت کا بھی دورہ کیا اوروہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا۔وفد کے دیگر اراکین میں منیجنگ ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاوٴنڈیشن سفیان احمد خان،اسسٹنٹ سیکرٹر ی جنرل الخدمت فاوٴنڈیشن اعجاز اللہ خان،نیشنل ڈائریکٹرالخدمت ڈائیگناسٹک سینٹرز انجینئر صابر احمد، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیر محمد تنیو، صدر الخدمت سکھرمامون الرشید ودیگر شامل تھے۔