کرونا وائرس کی وباء پھیلتے ہی محکمہ ایل ڈی اے کی ملی بھگت سے قبضہ گروپوں کا سرغنہ منشا بم د دوبارہ سرکاری زمینوں پر قبضے کے لئے متحرک ہوگیا

منشاء بم کی سرپرستی میں لینڈ مافیا نے ایل ڈی اے کے اسٹیٹ افسران اور ملازمین کی معاونت کے ذریعے حاکم چوک سے ملحقہ کروڑوں مالیت کی اراضی پر قبضہ کر کے مارکیٹ کی تعمیر مکمل کر لی

منگل 24 مارچ 2020 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2020ء) کرونا وائرس کی وباء پھیلتے ہی محکمہ ایل ڈی اے کی ملی بھگت کے باعث قبضہ گروپوں کا سرغنہ منشا بم مختصر مدت کی خاموشی کے بعد دوبارہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے کے لئے متحرک ہو گیا ہے، منشاء بم کی سرپرستی میں لینڈ مافیا نے ایل ڈی اے کے اسٹیٹ افسران اور ملازمین کی معاونت کے ذریعے حاکم چوک سے ملحقہ کروڑوں مالیت کی اراضی پر قبضہ کر کے مارکیٹ کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔

رہائشی پلاٹوں پر قبضوں کے بعد اسٹیٹ ونگ کی نوازشات کے ساتھ ایل ڈی اے کے ٹائون پلاننگ ڈائریکٹوریٹ نے بھی منشاء بم کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے پراسرار طور پر خاموشی اختیار کر لی ہے، منشاء بم کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں گرینڈ آپریشن کے ذریعے محکمہ ایل ڈی اے نے سینکڑوں کنال اراضی واگزار کروائی تھی، سرکاری زمینوں پر قبضوں کے کیس میں منشاء بم جیل یاترا بھی کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے روڈ حاکم چوک سے ملحقہ جوہر ٹائون ہائوسنگ سکیم کے ڈی بلاک کی اراضی حال ہی میں ایل ڈی اے نے منشاء بم کے قبضہ سے بڑے آپریشن کے ذریعے واگزار کروائی تھی۔ ایل ڈی اے کی طرف سے مذکورہ اراضی کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا تھا، واگزار کروائی جانے والی اراضی کی حفاظت کے لئے ایل ڈی اے کی طرف سے ڈی بلاک میں پی آئی اے روڈ پر باضابطہ کیمپ آفس قائم کیا گیا تھا تاکہ لینڈ مافیا سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے مگر ایل ڈی اے کے تمام تر انتظامات کو بلڈوز کرتے ہوئے منشا بم سے واگزار کروائی جانے والی اراضی پر دوبارہ قبضہ جما لیا ہے اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ اور ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ کی معاونت کے ذریعے مارکیٹ کی غیر قانونی طریقے سے تعمیرات بھی مکمل کر لی ہیں۔