پولیس کے لاک ڈائون کی مبینہ آڑ میں شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر شہریوں اور پولیس اہلکاروں میں تصادم

ایک پولیس اہلکار پتھر لگنے کی وجہ سے زخمی دو شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا

منگل 24 مارچ 2020 22:50

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2020ء) پولیس کے لاک ڈائون کی مبینہ آڑ میں شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر شہریوں اور پولیس اہلکاروں میں تصادم، ایک پولیس اہلکار پتھر لگنے کی وجہ سے زخمی دو شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جیکب آباد کے ایئرپورٹ تھانہ کے حدود میں واقع احمد میاں سومرو کے قریب پولیس اہلکاروں نے دو سے زائد شہریوں کو اکٹھا ساتھ چلنے پر روکا جس پر راہگیروں اور پولیس کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی اور تصادم ہوگیا، راہگیروں اور پولیس اہلکاروں میں پتھرائو اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال پر ایک پولیس اہلکار یار محمد رند زخمی ہوگیا، علاقہ مکینوں نے مداخلت کرکے حالات پر قابو پالیا، زخمی اہلکار کو ساتھیوں نے سول ہسپتال پہنچایا جہاں اہلکار کو طبی امداد دی گئی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پولیس نے بتایا کہ معشوق اوڈھو اور معشوق گوپانگ نے اپنے ساتھیوں سمیت دو سے زائد گروپ کی صورت میں گھومنے پر منع کیا تو انہوں نے اہلکاروں پر حملہ کردیا اور ایک اہلکار کو زخمی کردیا ہے، جن کے خلاف ڈیوٹی میںمداخلت کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں اور صحافیوں کو روکنے پر پولیس کے ساتھ کشیدگی کے مختلف واقعات سامنے آئے، تاہم پولیس نے حالات پر قابو پاکر لاک ڈائوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔