برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی

برطانیہ کے مستقبل کے بادشاہ 71 سالہ چارلس بظاہر صحتمند ہیں،اہلیہ میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ترجمان کلیئرنس ہاؤس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 مارچ 2020 15:52

برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی
برطانیہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 25 مارچ 2020 ء ) برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پرنس آف ویلز چارلس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ اب آ گئی ہے،برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ چارلس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تاہم وہ صحتمند ہیں۔حالیہ ہفتوں کے دوران اپنے عوامی کردار میں ان کی زیادہ مصروفیت کی وجہ سے شہزادہ کو یہ وائرس کس کے ہاتھ سے لگا اس کا پتہ لگانا ممکن نہیں ہے۔

تاہم اس سے قبل شاہی خاندان کے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کا نام اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔شہزاد چارلس کی اہلیہ کمیلا پارکر میں کورونا وائرس نہیں پایا گیا۔بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے مستقبل کے بادشاہ شہزادہ چارلس نے دو ہفتوں سے خود کو الگ تھلگ رکھا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

کلیرنس ہاؤس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ چارلس میں کورونا کی علامات تھیں۔

لیکن بظاہر وہ صحتمند ہیں۔کچھ دنوں سے معمول کے مطابق گھر سے کام کر رہےتھے۔پرنس اور ان کی اہلیہ کیملا اسکاٹ لینڈ میں گھر میں قرنطینہ میں تھے۔ شہزادہ چارلس کی جانب سے کرونا وائرس سے بچنے کے لئے شاہی محل سے دوسری جگہ پر خود کو قرنطینہ کر لیا گیا تھا۔ملکہ برطانیہ بھی شاہی محل چھوڑ چکی ہیں جبکہ ان کے بیٹے شہزادہ چارلس کی جانب سے کرونا وائرس سے بچنے کے لئے شاہی محل سے دوسری جگہ منتقل ہونے کے بعد اس بات کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ بادشاہت کے فرائض شہزادہ ولیم سرانجام دیں گے۔

ملکہ برطانیہ اور ان کے جانشین بیٹے نے خود کو انتظامیہ سرگرمیوں سے محدود کرلیا ہے جس کے بعد شہزادہ ولیم کو عارضی طور پر بادشاہ بنائے جانے کا امکان ہے۔شاہی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ملکہ برطانیہ ان کے جانشین کی جانب سے خود کو قرنطینہ میں بند کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے تو پھر شہزادہ ولیم بادشاہت سنبھالیں گے۔شہزادہ ویلیم بادشاہت کے نمبر کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہیں ،دوسرے نمبر پر ان کے والد ہیں جن کی عمر 21 سال ہے اگر وہ زائد العمری کی وجہ سے قرنطینہ ہو گئے تو شہزادہ ولیم آخری امید ہوں گے اور بنیادی طور پر بادشاہ کی ذمہ داریاں نبھانا پڑے گی۔

۔خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح برطانیہ بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے، جزوی لاک ڈائون سے ریستوران، سینما گھر، سیاحتی مقامات بند کئے جا چکے ہیں، لندن ٹرانسپورٹ اور ایئرپورٹس سنسان ہو گئے ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت برطانیہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 350 بلین پائونڈز کا اعلان کیا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی آپریشن اور مریضوں کو دیکھا جائے گا۔۔