شارجہ میں بجلی کے بلوں میں رعایت کا اعلان کر دیا گیا

شارجہ کے فرمانروا نے آئندہ تین ماہ کے لیے بجلی کے بلوں میں 10 فیصد رعایت دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 مارچ 2020 17:22

شارجہ میں بجلی کے بلوں میں رعایت کا اعلان کر دیا گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے باعث ہر کوئی خاصا پریشان ہے۔ خصوصاً کاروبار کی بندش ہونے کے باعث نچلے طبقے کے لوگوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے مقامی اور تارکین وطن کے لیے بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شارجہ کے فرمانروا اور اماراتی سپریم کونسل کے ممبر شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے اعلان کیا ہے کہ شارجہ میں مقیم تمام اماراتی اور غیر ملکی افراد کو ان کے بجلی کے اگلے تین ماہ کے بلوں میں 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

ایک ریڈیو پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے شیخ سلطان نے کہا ہے شارجہ کی حکومت کو کورونا وائرس کے باعث معیشت کی بگڑتی ہوئی صورت حال کا اندازہ ہے، اسی وجہ سے حکومت کی جانب سے کئی مقامی اور غیر ملکی افراد کو کئی ریلیف دیئے جا رہے ہیں، جن میں سے ایک ریلیف آئندہ تین ماہ کے بجلی کے بلوں میں 10 فیصد کی خصوصی رعایت دینا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے لوگوں پر پڑنے والے معاشی بوجھ میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔

بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کی خاطر شارجہ حکومت نے 230 ملین درہم کی رقم مختص کر دی ہے۔ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ جس قدر ہو سکے، اپنا زیادہ تر وقت گھروں میں ہی گزاریں۔ تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے ممکنہ حدتک روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ دُبئی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بھی ریاست میں مقیم تمام افراد کو بجلی کے بلوں میں دس فیصد کی رعایت کا اعلان کیا ہے ، جس کا اطلاق اگلے تین ماہ کے بجلی کے بلوں پر ہو گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار بُرے حالات کا شکار ہیں جس کے باعث متوسط طبقہ اور کارکنان بہت پریشانی کا شکار ہیں، جن میں پاکستانیوں کی بھی بڑی گنتی شامل ہے۔ ایسے وقت میں حکومت اور نجی شعبے کی جانب سے کئی اہم رعایتوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ اماراتی حکومت کے زیر انتظام ادارے شارجہ ایسیٹ مینجمنٹ کی جانب سے بڑا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہزاروں دُکانداروں کو کرایہ کی مد میں شاندار رعایت دے دی گئی ہے۔

ادارے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ہراج اور جُبیل مارکیٹس کے دُکانداروں کو اگلے تین ماہ کا کرایہ معاف کیا جا رہا ہے، تاکہ خراب معاشی صورت حال کے باعث وہ مزید پریشانی سے بچ سکیں۔ اس سے قبل الفتیم گروپ کی جانب سے بھی اپنے شاپنگ مال میں موجود تمام دُکانداروں کو خوش خبری سُنائی گئی تھی کہ جب تک کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، دُکانداروں سے کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔