Live Updates

مسلم لیگ (ن) کی قیادت، رہنما اور کارکنان مل کر کڑے وقت میں قوم اور ملک کی نگہبانی اور مفادات کے تحفظ کیلئے کاوشیں کریں، شہباز شریف

بدھ مارچ 20:07

مسلم لیگ (ن) کی قیادت، رہنما اور کارکنان مل کر کڑے وقت میں قوم اور ملک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بدھ کو وڈیو لنک کے ذریعے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب محمد نوازشریف کی صحت کاملہ کیلئے خصوصی دعا کریں۔ قائد محمد نوازشریف کا آپ کے نام یہ بھی پیغام ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، رہنما اور کارکنان مل کر ایک تاریخی کردار ادا کریں، اس کڑے وقت میں قوم اور ملک کی نگہبانی اور مفادات کے تحفظ کیلئے کاوشیں کریں، ہم نے قوم کے ایک خادم، ایک رضاکار کے طورپر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، سوا ارب سے زیادہ آبادی اپنے گھروں میں بند ہے، پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس پر پوری قوم پریشان اور مضطرب ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم مکمل قومی اتحاد، یکجہتی، اخوت اور بھائی چارے کے عظیم جذبہ پر کاربند ہوں، ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی، سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہو جائے لیکن ہم نے اپنے اصل ہدف پر نظر رکھنی ہے، اس وقت ہمارا اصل مقصد اپنی قوم کی بقاء کی جنگ ہے، آج ہم نے عوام کے خادم، بڑے بھائی اور خیرخواہ کا کردار ادا کرنا ہے، یہ اجتماعی امتحان ہے، اس میں اجتماعی طور پر ہی ہم سرخرو ہو سکتے ہیں۔

کرونا وائرس کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات