جے ایس بینک کی کورونا وائرس کے خلاف جنگ ،کورونا کے وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے ہسپتالوں کو فوری فنانسنگ کی پیشکش

بدھ 25 مارچ 2020 23:01

جے ایس بینک کی کورونا وائرس کے خلاف جنگ ،کورونا کے وبائی مرض پر قابو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے وبائی مرض کے خلاف جنگ میں قوم اور اداروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جے ایس بینک نے ہسپتالوں اور طبی مراکز کے لئے COVID-19 سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص اور علاج سے متعلق آلات کی خریداری کے لئے 200 ملین روپے تک کی فنانسنگ متعارف کرائی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیزائن کی گئی اسکیم کے تحت وفاقی اور صوبائی صحت کے اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ تمام طبی مراکز جو COVID-19 کے خاتمے اور اس پر قابو پانے میں مصروف ہیں، پانچ سال کی مدت کے لئے کم سے کم مارک اپ شرح 3 فیصد پر کریڈٹ لائن حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ منصوبہ صحت کے مراکز کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے اضافی سامان اور متعلقہ آلات کی خریداری کے ذریعے اپنے آپریشنل میکنزم کو تقویت دے سکیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال اس سہولت سے ستمبر 2020ء تک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔دوسری جانب مہوش اینڈ جہانگیر صدیقی فائونڈیشن (MJSF) نے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لئے سیہون میں اپنے جدید ترین ہسپتال کے استعمال کے لئے حکومت سندھ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

ہسپتال وینٹی لیٹرز اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس (آئی سی یو) کی کمی اور کورونا کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باسر شمسی نے کہا کہ ہمیں آج ایک خطرناک صورتحال درپیش ہے، اس مشکل وقت میں معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر صورتحال سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

COVID-19 سے لڑنے کے لئے ری فنانسنگ فیسلٹی (RFCC) ملک کے طبی اداروں کو اس وبائی مرض پر موثر طریقے سے قابو پانے کے قابل بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنانسنگ پلان ملک بھر میں صحت کی سہولیات کو بااختیار بنانے کی جانب ایک قدم ہے جس کے تحت وسائل کی کمی کو آسان اور تیز ترین طریقے سے دور کیا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ، موبائل اور اے ٹی ایم بینکاری پر زیرو ٹرانزیکشنل چارجز کا نفاذ کرنے کیلئے پاکستان کا پہلا بینک ہونے کی حیثیت سے جے ایس بینک نہ صرف اپنے ملازمین اور صارفین بلکہ عام آبادی کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

بینک 50 فیصد rotating ماڈل پر کام کرنے والی اپنی مضبوط ٹیم کے ساتھ skeleton ورکنگ ماڈل پر منتقل ہو چکا ہے۔ ڈیجیٹل حل بھی تلاش کئے جا رہے ہیں تاکہ عملہ بھرپور طریقے سے گھر سے کام کرنے والے ماڈل پر کام کر سکے۔