امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلائو، کورونا کے 10ہزار نئے کیسز ریکارڈ

متاثرہ تصدق شدہ مریضوں کی تعداد 66995 ہوگئی، 1032 افراد کورونا کے باعث ہلاک

جمعرات 26 مارچ 2020 10:25

نیویارک/لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک بھر میں ایک دن میں کورونا کے 10ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ تصدق شدہ کیسز کی تعداد 66995 ہوگئی۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ اور برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں وبائی امراض کے نگران ادارے کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

امریکہ میں نصف سے زیادہ کیسز نیویارک میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 30800 مریض ہیں۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا اور ٹیکساس کی ریاستوں کو کورونا وائرس کے باعث بڑی تباہی کی زد میں قرار دے دیا ہے۔ اس اعلان کے بعد امریکی قوانین کے تحت یہ ریاستیںوفاق کی جانب سے ملنے والی امداد کی مستحق ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نیویارک، واشنگٹن، کیلی فورنیا، لووا اور لوزیینا کے لیے یہ اعلان کیا جاچکا ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 66995 ہے جبکہ اب تک 1032 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔سب سے زیادہ 192 ہلاکتیں ریاست نیویارک میں ہوئی ہیں جبکہ یہاں مصدقہ متاثرین کی تعداد 30 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ ادھر امریکی ریاستوں مینیسوٹا اور ایڈاہو کے گورنرز نے شہریوں کو گھروں پر رہنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ان احکامات کے ذریعے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سرگرمیوں کے لیے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ریاست منیسوٹا میں یہ احکامات آئندہ دو ہفتوں تک نافذ العمل رہیں گے اور اس دوران تمام ریستوران بند رہیں گے۔ ریاست ایڈاہو میں یہ احکامات آئندہ 21 روز تک نافذ رہیں گے۔ ان دو ریاستوں کی جانب سے اس نوعیت کے احکامات جاری کرنے کے بعد اب امریکہ میں مجموعی طور پر ایسی 16 ریاستیں ہوچکی ہیں جہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہریوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔