کوروناوائرس، میسی نے ہسپتال بنانے کے لیے دس لاکھ یورو عطیہ کردیئے

میسی کی جانب سے دی جانیوالی رقم ہاسپٹل کلینک اور ارجنٹائن کے ایک ہسپتال میں تقسیم کی جائیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 مارچ 2020 15:09

کوروناوائرس، میسی نے ہسپتال بنانے کے لیے دس لاکھ یورو عطیہ کردیئے
بارسلونا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ2020ء ) ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی نے ہسپتال کے لیے دس لاکھ یورو عطیہ کر دیے ہیں۔ہاسپٹل کلینک بارسلونا نے آفیشل ٹویٹ میں لیونل میسی کا شکریہ ادا کیا۔32 سالہ لیونل میسی کی جانب سے دی جانے والی رقم ہاسپٹل کلینک اور ارجنٹائن کے ایک ہسپتال میں تقسیم کی جائے گی۔خیال رہے کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔

کورونا وائرس کے سبب دنیا بھرمیں 18800 سے زائد افراد ہلاک اور 4 لاکھ 22 ہزار متاثر ہوئے ہیں جب کہ 108000 سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دی۔عالمی ادارہ صحت نے وارننگ دی ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکہ کورونا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے جہاں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید 206 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر ہلاکتیں 759 ہوگئی ہیں اور 54 ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدرلارنس اور ان کی اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔اٹلی میں مہلک وائرس سے چوبیس گھنٹے میں مزید 743 افراد ہلاک ہوئے اور پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اٹلی میں وائرس کے سبب چھ ہزار آٹھ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔