کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بٹگرام پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی کا مشترکہ آگاہی فلیگ مارچ

جمعرات 26 مارچ 2020 23:29

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بٹگرام پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی نے مشترکہ آگاہی فلیگ مارچ کیا، فلیگ مارچ سینیٹینیل ماڈل ہائی سکول سے شروع ہو کر دوبارہ اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے اور آگاہی کیلئے ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام الطاف حسین کی قیادت میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

فلیگ مارچ میں بٹگرام پولیس، ضلعی انتظامیہ کے علاوہ پاک آرمی کے آفیسر اور جوانوں نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجہ بختیار خان، ایس ڈی پی او سرکل بٹگرام فدا خان، ایس ایچ او تھانہ سٹی بٹگرام، انچارج ٹریفک وارڈن اور لائن آفیسر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فلیگ مارچ سینیٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام سے شروع ہو کر چھپر گرام ڈگری کالج کس پل سے ہوتے ہوئے واپس سینیٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام پر اختتام پذیر ہوا۔

فلیگ مارچ کے دوران بٹگرام کے مختلف بازاروں میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی احتیاطی تدابیر بذریعہ لائوڈ سپیکر سنائی گئی۔ اس موقع پر عوام میں سینی ٹائزر اور فیس ماسک استعمال کے بارے میں ہدایات دی گئیں اور لوگوں کو گھروں سے بلا ضرورت نہ نکلنے کا کہا گیا۔ ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تدابیر اجاگر کرنا ہے، بٹگرام پولیس عوام کی حفاظت کیلئے کوشاں ہیں۔