امریکا اور چین کے صدور کے مابین ٹیلیفونک رابطہ

چین نے وائرس سے متعلق مزید معلومات حاصل کی ہیں، مل کر کام کرنے کو تیار ہیں،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 27 مارچ 2020 12:51

امریکا اور چین کے صدور کے مابین ٹیلیفونک رابطہ
امریکا (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-27مارچ2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے ٹویٹ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطے کی تفصیل بتائی، ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان کی چینی صد شی جن پنگ کیساتھ بہت اچھی گفتگو ہوئی ہے، دنیا میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس کے متعلق بات چیت کی گئی۔

امریکی صدر کے مطابق چین نے وائرس سے متعلق مزید معلومات حاصل کی ہیں، چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں میں امریکا نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن پر آگیا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا میں کورونا مریضو ں کی تعداد 85 ہزار 280 ہوگئی جبکہ چین میں یہ تعداد 81 ہزار 340 ہے۔

چین میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3,292 ہے جبکہ امریکا میں آج 266 نئی ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 1293 ہوچکی ہے۔دوسری جانب نیو یارک میں کورونا مریضوں کے لیے درکار وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کے باعث دو مریضوں کے لیے ایک ہی وینٹی لیٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔گورنر اینڈریو کومو نے اعلان کیا کہ نیویارک کے اسپتالوں میں اب دو کورونا مریضوں کا ایک ہی وینٹی لیٹر سے علاج کیا جا سکے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئیدیل صورت حال نہیں ہے لیکن اس سے کام چل سکتا ہے کیونکہ آنے والے ہفتوں میں نیو یارک میں 30 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔جب کہ چین نے کورونا وائرس پر قابو پا لیا ہے اور وہ دیگر ممالک کی بھی مدد کر رہا ہے۔