سعودی شہروں پر حوثی ملیشیا کا ایک اور حملہ

آج صبح ابہا اور خمیس مشیط پر ریموٹ کنٹرول جہازوں کے ذریعے حملہ کیا گیا جسے اتحادی فوج نے ناکام بنا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 مارچ 2020 12:53

سعودی شہروں پر حوثی ملیشیا کا ایک اور حملہ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مارچ 2020ء) آج جمعة المبارک کی صبح سعودی سرزمین کو ایک بار حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، تاہم ریموٹ کنٹرول جہازوں کے ذریعے کیا جانے والا یہ حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ یمن کے لیے سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی فوج کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے بتایا ہے کہ آج صبح یمن میں موجود حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی شہروں ابہا اور خمیس مشیط پر ریموٹ کنٹرول جہازوں کے ذریعے حملہ کیا گیا تاہم یہ تمام حملے ناکام بنا دیئے گئے۔

عرب نیوز کے مطابق کرنل تُرکی المالکی نے مزید کہا کہ ان حملوں میں کسی قسم کا کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا، کیونکہ یمنی حدود سے آپریٹ کیے جانے والے ان ریموٹ کنٹرول جہازوں کی کنٹرول ٹاور کے ذریعے نشاندہی ہونے کے بعد انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے درجنوں بار سعودی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا،اس نوعیت کی کم و بیش ساری تخریبی کارروائیوں کو ناکام بنا دیا گیا۔

اس سے قبل 18 مارچ کو بھی حوثی باغیوں کی جانب سے بارودی مواد سے بھری کشتیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اتحادی فورسز کے بحری یونٹ نے حوثیوں کے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔ کرنل تُرکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے یمن کی الحدیدہ کمشنری کو سعودی مملکت کے خلاف کارروائیوں کے لیے اہم گڑھ بنا لیا ہے۔ جہاں سے ڈرونز، میزائل اور ریموٹ کنٹرولڈ کشتیوں کے ذریعے سعودی تنصیبات اور بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کارروائیوں کا مقصد عالمی تجارت کو نقصان پہنچانا ہے۔ کچھ عرصہ قبل حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی جانے والی 153بحری بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی گئیں جبکہ 46 ریموٹ کنٹرول کشتیوں کو تباہ کیا گیا۔