قطر میں مزید 12 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

وزارت صحت کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 549 ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 مارچ 2020 15:13

قطر میں مزید 12 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مارچ 2020ء) خلیجی ریاست قطر میں بھی کورونا وائرس کی مار دھاڑ جاری ہے۔ قدرتی آفات سے متعلق سپریم کمیٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں اس موذی وائرس سے متاثر افراد کی گنتی 549 تک جا پہنچی ہے۔ ترجمان لولوا راشد الخاطر نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ مملکت میں مزید دو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد شفا یاب ہونے والے مریضوں کی گنتی 43 ہو گئی ہے۔

مملکت میں مجموعی طور پر 13,681 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ قطری مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام غیر ضروری دُکانیں بند کروا دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کیفے اور تفریحی آؤٹ لیٹس کھولنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جو دُکانیں کھُلی رکھی گئی ہیں، ان کے اوقات بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

ان اوقات کے علاوہ کسی کو دُکان کھلنے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ فارمیسیز، کریانہ سٹورز اور ڈلیوری سٹورز پر اوقات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔واضح رہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائر س کا سب سے بڑا نشانہ مزدور طبقہ بن رہا ہے۔ ایمنسٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں سینکڑوں مزدور کورونا وائرس کے باعث ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔

تاہم انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ جس کے باعث مزدوروں میں حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ایمنسٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ قطری حکومت کی کورونا کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات نہ کرنے پر دارالحکومت دوحہ میں مزدوروں کے احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دوحہ حکومت نے ملک میں کام کرنے والی لیبر کو اسپتالوں میں لانے اور ان کے معائنے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری طرف قطری حکومت کی لا پرواہی کے خلاف مزدور طبقے میں حکومت کے خلاف غم وغصے میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوحہ میں متعدد مقامات پر حکومت کے خلاف مظاہرے دیکھے گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے قطری حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے جاری تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر کارکنوں کا تواتر کے ساتھ طبی معائنہ کرے تاکہ انہیں کورونا کے خطرے سے بچایا جا سکے تاہم قطری حکومت اس حوالے سے خاطرہ خواہ اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔