چین سے مزید 56 ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس، دیگر طبی سامان پاکستان پہنچ گیا

علی بابا اور جیک ما فاؤنڈیشن کی طرف سے 56 ہزار ٹیسٹنگ کٹس و دیگر سامان لے کر دوسرا طیارہ کراچی پہنچا،گور نرنے وصول کیا مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کا شکریہ اداکرتے ہیں، چین سے مزید طبی ساز و سامان جلد وصول ہوگا، گور نر محمد اسماعیل

جمعہ 27 مارچ 2020 16:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2020ء) خطرناک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمسایہ ملک چین سے ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر طبی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے ایک جہاز 56 ہزار ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک اور دیگر طبی سازو سامان لے کر کراچی پہنچ گیا جو کہ علی بابا اور جیک ما فاؤنڈیشن کی طرف سے آنے والے سامان کی یہ دوسری کھیپ ہے اس کے علاوہ خنجراب پاس کے ذریعے بھی طبی سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا ہے۔

کراچی پہنچنے والا سامان جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وصول کیا۔ انہوںنے کہاکہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کا شکریہ اداکرتے ہیں، چین سے مزید طبی ساز و سامان جلد وصول ہوگا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل 25 مارچ کو بھی چین سے این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر ایک طیارہ کراچی پہنچا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں علی بابا کے بانی جیک ما نے پاکستان سمیت چند ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان دینے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی کے ساتھ چین سے خنجراب پاس کے ذریعے طبی سامان کی ایک کھیپ پاکستان کے حوالے کی گئی۔ چینی سفارتخانے کے مطابق مشکل گھڑی میں یہ چین کا پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی، سنکیانگ سے طبی سامان کی کھیپ خنجراب پاس پہنچ گئی۔چینی سفارتخانے کے مطابق پاکستان اور چین نے دونوں اطراف سڑکوں سے برف صاف کرکے سپلائی کو یقینی بنایا۔