وزیراعظم عمران خان کا عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بنانے ،خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان

صوبوں کا یکساں مؤقف ہے سامان کی نقل و حمل کیلئے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی مکمل اجازت ، مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی،وزیراعظم عمران خان

جمعہ 27 مارچ 2020 18:36

وزیراعظم عمران خان کا عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم کورونا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے تناظر میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بنانے اور خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ قوم متحد ہو کر جیتے گی، صوبوں کا یکساں مؤقف ہے کہ سامان کی نقل و حمل کیلئے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی مکمل اجازت ہو گی جبکہ مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک و تحقیق خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ قوم متحد ہو کر جیتے گی، امریکہ نے اپنی معیشت اور عوام کیلئے 2 ہزار ارب ڈالر کا پیکیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈائون کی صورت میں انتہائی غریب طبقہ کی فکر تھی، سامان کی نقل و حمل کیلئے گڈز ٹرانسپورٹ کی مکمل اجازت ہو گی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ رواں دواں ہو گی، فیصلہ ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی کمی کے تدارک کیا گیا، مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں دو ہفتے کے بعد کورونا وباء کی کیا صورتحال ہو گی، وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں لاک ڈائون کے دوران شہریوں کو گھروں پر کھانا پہنچایا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وباء سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں پر مشتمل رضا کار فورس بنا رہے ہیں، 31 مارچ کو وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کا اعلان کیا جائے گا، ضرورت پڑی تو نوجوان، رضاکاروں کے ذریعے متاثرین کے گھروں پر کھانا پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، پاکستانی عوام خیراتی اور رفاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک میں خصوصی اکائونٹ کھولیں گے جہاں اوورسیز پاکستانی فنڈز جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سے کہوں گا کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے گئے افراد کو رہا کر دیں۔

وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک و تحقیق مخدوم خسرو نے کہا کہ آٹے کی زیادہ خریداری کی وجہ سے بعض علاقوں میں کمی ہوئی، گندم کی سرکاری خریداری بھی شروع ہو چکی ہے، فلور ملز کے ساتھ طے پایا ہے کہ وہ گندم سے 60 کی بجائے 80 فیصد آٹا بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سرکاری گوداموں میں 16 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، دو سے تین دن میں آٹے کی رسد اور قیمتیں بہتر ہو جائیں گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 5 اپریل تک کورونا سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے طبی عملہ کو حفاظتی سامان مل جائے گا، آئی سی یو میں کام کرنے والے طبی عملہ کو تربیت بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 61 فیصد مریضوں کی عمریں 21 سے 50 سال ہے، اس صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دوسرے ممالک کے مقابلہ میں بہت کم ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ لوگوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا فائدہ اس وقت ہو گا جب انہیں اشیاء ضروریہ آسانی سے میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی فہرست مرتب کرکے ان کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا، صوبوں کی مشاورت سے ایسا طریقہ کار وضع کریں گے جس کے تحت نہ صرف اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔